• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

گندم درآمد اسکینڈل: وفاقی حکومت کی طرف سے غیر متعلقہ افسر کو معطل کیے جانے کا انکشاف

شائع May 30, 2024
فوڈ کمشنر ون وسیم الحسن کو کمیٹی کی سفارشات پر معطل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
فوڈ کمشنر ون وسیم الحسن کو کمیٹی کی سفارشات پر معطل کیا گیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

گندم درآمد اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور وفاقی حکومت کی طرف سے غیر متعلقہ افسر کو معطل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سیکریٹری کابینہ ڈویژن کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر وزارت فوڈ سیکیورٹی کے افسران کے تحفظات سامنے آگئے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے غیر متعلقہ افسر کو معطل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق معطل کیے جانے والے ایک افسر کا گندم کی فصل کے امور کے ساتھ کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔

فوڈ کمشنر ون وسیم الحسن کو کمیٹی کی سفارشات پر معطل کیا گیا تھا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے معطلی کے نوٹی فکیشن میں وسیم الحسن کا عہدہ غلط درج کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سید وسیم الحسن کو فوڈ کمشنر 1 کے بجائے فوڈ کمشنر 2 لکھ دیا، جب کہ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاسکو اور گندم کے امور فوڈ کمشنر 2 کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں، بحیثیتِ فوڈ کمشنر وسیم الحسن کا گندم کی فصل کے ساتھ تعلق نہیں تھا۔

اس زمرے میں وسیم الحسن نے اپنی معطلی ختم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

خط کے متن میں بتایا گیا کہ وفاقی حکومت نے معطلی کے نوٹی فکیشن میں غلطی سے فوڈ کمشنر 2 لکھا تھا، بحیثیتِ فوڈ کمشنر ون میری ذمہ داریوں میں مائینر کراپس یعنی دالیں، سبزیاں وغیرہ شامل تھیں، بحیثیتِ فوڈ کمشنر ون میرا گندم کی درآمد کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ 12 اکتوبر 2023 سے 19 مارچ 2024 تک میں وزارت میں بطور او ایس ڈی تعینات تھا، میرے ساتھ گندم کی درآمد سے متعلقہ امور پر کوئی مشاورت نہیں کی گئی، میری معطلی نے میرے 31 سالہ کیریئر کو بری طرح سے متاثر کیا ہے، دل کے عارضے میں مبتلا ہونے سے صحت پر منفی اثرات پڑے ہیں۔

خیال رہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر سید وسیم الحسن سمیت 4 افسران کو معطل کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے آج اضافی گندم کی درآمد میں ملوث قرار دیے گئے 4 معطل افسران کے خلاف تحقیقات کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

واضح رہے کہ ملک میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہونے کے باوجود نگران حکومت کے دور میں بڑے پیمانے پر گندم کی درآمد کے انکشافات سامنے آئے تھے۔

یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ موجودہ حکومت کی اب تک کی مدت میں بھی گندم کی درآمد کا سلسلہ جاری رہا۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024