• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلے کا نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے اختیار کےخلاف درخواست پر سماعت ملتوی

شائع May 31, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے الیکشن کمیشن کے اختیار کے خلاف درخواست پر سماعت 4 جون تک ملتوی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس عابد عزیز شیخ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل اور وفاقی حکومت کے وکیل کو دائرہ اختیار سے متعلق دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے کارروائی 4 جون تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے انتخابی نشان واپس لینے کے اختیار کے خلاف درخواست پاکستان تحریک انصاف اور متعدد عہدیداران کی جانب سے درخواست 27 مئی کو دائر کی گئی تھی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ عام انتخابات سے قبل پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لینا الیکشن کمیشن کا غیر قانونی اقدام تھا، انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 ،209 ٫ 208 سمیت دیگر کو آئین سے متصادم قرار دیا جائے۔

پسِ منظر

یاد رہے کہ 22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دے کر انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

26 دسمبر کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی سے ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔

بعدازاں 30 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کر دی تھی۔

3 جنوری کو ’بلے‘ کے انتخابی نشان کی بحالی کے خلاف الیکشن کمیشن کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اپنا حکم امتناع واپس لے لیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی اپنے انتخابی نشان ’بلے‘ سے اور بیرسٹر گوہر خان پارٹی چیئرمین شپ سے محروم ہوگئے تھے۔

تاہم 10 جنوری کو پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ’بلے‘ کے نشان پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دے دی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔

بعد ازاں 13 جنوری کو سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کو ’بلے‘ کا انتخابی نشان واپس کرنے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ درست اور پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد پی ٹی آئی ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024