• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

آئی سی سی ٹرافی جیتنا خواب ہے،ٹی20 ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں، بابراعظم

شائع June 2, 2024
فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے آئی سی سی ٹرافی لانا ایک خواب ہے جو پورا کرنا باقی ہے، انشااللہ، ٹی20 ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کھیلنے کے لیے بہت خوش اورپرجوش ہوں کیوں کہ آپ جب بھی کوئی آئی سی سی ایونٹ کھیلنے جاتے ہیں تو خوشی کا لیول بالکل مختلف ہوتا ہے اور ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی کرنا کسی بھی کھلاڑی کا مقصد ہوتا ہے۔

بابراعظم نے کہا کہ امید ہمیشہ ٹرافی جیتنے کی ہوتی ہے لیکن اس کے لیے ہمیں تمام مخالف ٹیموں کے خلاف بہت اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دونوں ٹی20 ورلڈکپ میں ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی لیکن بدقسمتی سے ہم ان ایونٹس کا اختتام اچھا نہیں کرسکے، اور یہ بات ہمارے ذہن میں ہے کہ پچھلی بار ہم نے سیمی فائنل اور فائنل کیسے کھیلا، اس بار ہم وہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں کوشش کرنا ہے لیکن نتائج ہم نہیں جانتے، البتہ گراؤنڈ میں ہماری باڈی لینگویج، ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت بھی اہمیت رکھتی ہے، اگر ہم مثبت کرکٹ کھیلیں گے تو نتائج بھی آئیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بطور کھلاڑی میں نے بہت کچھ حاصل کیا اورپاکستان کو متعدد سیریز میں کامیابی دلوائی لیکن پاکستان کے لیے آئی سی سی ٹرافی لانا چاہتا ہوں اور یہ خواب ابھی ادھورا ہے جو انشااللہ اس ورلڈکپ میں پورا ہوگا، ٹی20 ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ٹی20 ورلڈکپ جیتنا ہے تو متحد ہوکر کھیلنا ہوگا اور ایونٹ میں ہر ٹیم کو ہرانا ہوگا، امریکا میں کھیلنا نیا تجربہ اور چینلج ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب کی نظریں پاکستان انڈیا میچ پر ہوتی ہیں اور دنیا بھر کے لوگوں کو جیت کی امید ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ اعصاب شکن مقابلہ ہوتا ہے لیکن ہم جتنا زیادہ فوکس رہیں گے، اتنا ہی اچھا نتیجہ ملے گا، جب کہ صرف بھارت نہیں تمام ٹیموں سے میچز اہمیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ سے ٹی20 سیریز ہارنے کے بعد لندن سے امریکی شہر ڈیلاس پہنچ چکی ہے، جہاں وہ ایک دن آرام کرنے کے بعد آج سے پریکٹس سیشنز کا آغاز کرے گی۔

قومی ٹیم اپنا افتتاحی میچ میزبان امریکا کے خلاف 6 جون کو ڈیلاس میں کھیلے گی، جب کہ پاکستان کا دوسرا میچ اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024