• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی

شائع June 2, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے اور چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، پیر سے ہفتے کے درمیان کراچی میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور تیز سمندری ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری رہے گا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

اس کے علاوہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد رہے گا، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت زیادہ محسوس ہو سکتا ہے، سمندری بادلوں کے باعث چند مقامات پر رات گئے بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں میں 15 جون تک موسم شدید گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے ایک دو دن کے وقفے کے بعد درجہ حرارت پھر بڑھنے کی پیش گوئی کردی، جب کہ ملک کے بیشر میدانی علاقوں میں آج بھی گرمی کا راج رہنے کا امکان ہے۔

اندرون سندھ کے اضلاع میں ایک ہفتے تک شدید گرمی کے بعد درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری تک نیچے آگیا ہے، تاہم گرمی کا زور برقرار ہے۔

لاہور سمیت بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، نواب شاہ، سکھر اور حیدر آباد سمیت سندھ اورپنجاب کے متعدد اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور پشاورمیں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ بعض علاقوں میں آندھی اور بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق اس سے درجہ حرارت میں زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جون کے تیسرے ہفتے سے پری مون سون کا آغاز ہوگا جس کے سبب بالائی اور شمالی علاقوں میں بارش کا اسپیل بھی درجہ حرارت میں کمی لائے گا، گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024