• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

وزیراعظم کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک سمیت ترقیاتی منصوبوں کو بڑھانے پر اتفاق

شائع June 7, 2024
وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران مصافحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، سی پیک کو اپ گریڈ اور دوسرے مرحلے میں ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے تاریخی گریٹ ہال آف دی پیپل میں چین کے صدر شی جن پنگ سے طویل اور تفصیلی ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے ہمراہ وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے چین میں ان کے اور ان کے وفد کے پرتپاک استقبال پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر انہوں نے 2015 میں صدر شی جن پنگ کے تاریخی دورہ پاکستان کو یاد کیا جس کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کو باضابطہ طور پر فعال کیا گیا تھا اور دو طرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا تھا۔

شہباز شریف اور شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان موجود پائیدار شراکت داری کی توثیق کی اور اسے مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

دونوں نے سیاسی، سیکیورٹی، اقتصادی، تجارتی اور عوام سے عوام کے تبادلے سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی امور بشمول افغانستان، فلسطین اور جنوبی ایشیا بشمول بھارتی غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور گلوبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بی آر آئی کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے سی پیک کے تحت جاری بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق رائے کا اعادہ کرتے ہوئے سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

شہباز شریف نے سی پیک کے تحت دونوں ممالک کی ترقیاتی حکمت عملیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم اور مکمل حمایت پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کو اقتصادی اصلاحات اور پائیدار ترقی، صنعتی ترقی، زرعی جدید کاری اور علاقائی روابط کے لیے پاکستان کی پالیسیوں اور پاکستان کی ترقی میں سی پیک کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا عوام پر مرکوز، سماجی و اقتصادی ترقی کا ایجنڈا چین کے مشترکہ خوشحالی کے تصور پر مبنی ہے۔

صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا جہاں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کا ایک اور دور ہوا۔

یہ 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کے صدر سے وزیراعظم شہباز کی پہلی ملاقات تھی جو دو طرفہ دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی عکاس تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024