• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بھارت سے شکست پرنسیم شاہ آبدیدہ ہوگئے، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

شائع June 10, 2024
فوٹو: آئی سی سی / ایکس
فوٹو: آئی سی سی / ایکس

ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف آخری اوور میں پاکستان کو جیت دلوانے کی بھرپور کوشش کرنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ شکست پر آبدیدہ ہوگئے۔

نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے اہم معرکے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ہمیشہ کی طرح لڑکھڑا گئی۔

120 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی سست بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو آخری 6 گیندوں پر 18 رنز درکار تھے، ایسے میں فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 2 چوکے لگائے، انہوں نے 4 گیندوں پر 10 رنز بناکر ٹیم کو جتوانے کی پوری کوشش کی تاہم وہ اس میں کامیاب نہ ہوئے۔

ٹیم کو جتوانے کی کوشش میں ناکامی پر نسیم شاہ دلبرداشتہ ہوگئے اور پویلین واپس جاتے ہوئے رونے لگے، اس دوران شاہین شاہ آفریدی انہیں دلاسہ دیتے رہے، بعد ازاں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی انہیں دلاسہ دیا۔

دوسری جانب، سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ نسیم شاہ کے حق میں ٹوئٹ کررہے ہیں اور ان کی کوششوں پر بھرپور حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔

سعد قیصر نامی صارف نے لکھا ’حتیٰ کہ ہمارے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے ہمارے مہنگے ترین کھلاڑیوں سے اچھی بیٹنگ کی، اب وقت آگیا ہے اگر آپ لوگ کارکردگی نہیں دکھاسکتے تو استعفیٰ دیں اور دیگر کھلاڑیوں کو موقع دیں‘۔

احتشام الحق نامی صارف نے لکھا ’کرپٹ ٹولے نے میرے ہیرو کو رلادیا‘۔ انہوں نے نسیم شاہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس میچ کے ہیرو ہیں اور پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

خیال رہے کہ ماضی میں نسیم شاہ 2 بار ایسی صورتحال کا سامنا کرکے ہیں، جہاں انہوں افغانستان کے منہ سے جیت چھین لی تھی اور دونوں بار ان کا سامنا افغان باؤلر فضل الحق فاروقی سے ہوا تھا۔

2023 میں افغانستان کے خلاف دو طرفہ سیریز کے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو 6 گیندوں پر جیت کے لیے 11 رنز درکار تھے، ایسے میں نسیم شاہ نے انہیں دو چوکے لگاکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

اس سے قبل، ایشیا کپ 2022 کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی20 میں پاکستان کو 6 گیندوں پر جیت کے لیے 11 رنز ہی درکار تھے اور تب بھی باؤلنگ پر فضل الحق فاروقی تھی، جب نسیم شاہ نے انہیں مسلسل دو چھکے لگاکر پاکستان کو تاریخی فتح دلائی تھی۔

واضح رہے کہ مسلسل دو شکستوں کے بعد پاکستان کی سپرایٹ مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے، قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ سے مدمقابل ہوگی، تاہم پاکستان کی اگلے مرحلے میں رسائی امریکا کے دونوں میچز ہارنے سے مشروط ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024