میونسپل یوٹیلٹی چارجز، ٹیکس کی وصولی سے متعلق بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے الیکٹرک میں معاہدہ
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے میونسپل یوٹیلٹی چارجز اینڈ ٹیکسز (ایم یو سی ٹی) کے الیکٹرک کے ذریعے جمع کرنے کا معاہدہ طے پاگیا۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میونسپل یوٹیلٹی چارجز اور ٹیکس کی وصولی سے متعلق بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان بنیادی معاہدہ طے پاگیا ہے۔
مذکورہ ٹیکس کی عدالتی فیصلے کے مطابق وصولی سے متعلق قرارداد سٹی کونسل میں پہلے ہی منظور کی جا چکی ہے، کم آمدن والے گھریلو صارفین کو 100 یونٹ تک چھوٹ دی گئی ہے۔
قرارداد کے مطابق 101 سے 200 یونٹ تک 20 روپے، 300 یونٹ تک 40 روپے، 400 یونٹ تک 100 روپے، 500 یونٹ تک 125 روپے، 600 یونٹ تک ڈیڑھ سو روپے، 700 یونٹ تک 175 روپے اور 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 300 سو روپے ادا کرنا ہوں گے۔
قرارداد کے مطابق کمرشل بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تمام کیٹیگریز پر 400 سو روپے لاگو کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ میونسپل چارجز کے الیکٹرک بل کے ذریعے وصول کرنے کی قرارداد دسمبر 2023 میں منظور کی گئی تھی، قرارداد پیش کیے جانے کے موقع پر ایوان میں بدنظمی دیکھی گئی، حافظ نعیم الرحمٰن نے قرارداد کو کراچی دشمنی قرار دیتے ہوئے سٹی میئر پر شدید تنقید کی تھی اوران کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سٹی کونسل کے اجلاس کو چلانے کی پوری کوشش کی لیکن پیپلز پارٹی قبضہ میئر کا رویہ قوم کے سامنے ہے، اب تحریک عدم اعتماد کے ذریعے قبضہ میئر کو گھر بھیجیں گے۔