لاہور ہائیکورٹ کی شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
جسٹس امجد رفیق نے شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست پر گزشتہ روز سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم آئندہ سماعت پر بازیابی سے متعلق عدالت میں رپورٹ کریں۔
عدالت نے موبائل فون کمپنیوں کو تین دن میں جیو فینسنگ کا ریکارڈ مہیا کرنے کی ہدایت کردی، تحریری حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکلا کا تین رکنی وفد ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے جا کر ملے۔
عدالتی حکم کے مطابق وکلا تمام فون کالز سمیت دیگر ضروری ڈیٹا ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو فراہم کریں۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے مغوی کی بازیابی سے متعلق پولیس کی ناکامی قرار دیا ۔
عدالت نے سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 14 جون کو عدالت نے شہباز گل کے بھائی کی مبینہ اغوا کی بازیابی پر سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی تھی۔
وکیل نے الزام عائد کیا تھا کہ غلام شبیر جب اسلام آباد جا رہے تھے تو پولیس نے انہیں ’اٹھا‘ لیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ مغوی کی جان کو خطرہ ہے کیونکہ پولیس درخواست گزار کو ان کے حوالے سے کچھ نہیں بتا رہی۔