وزیر توانائی کا ملک میں بجلی کی قیمت زیادہ ہونے کا اعتراف

شائع July 4, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ملک میں بجلی کی قیمتیں زیادہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت زیادہ ہے، کوشش ہے عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔

ایوان بالا سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا میں خبر چل رہی ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے نرخ میں اضافہ کیا ہے، ہر جون میں ریگولیٹر پورے سال کے لیے اوسط قیمت طے کرتا ہے، ریگولیٹر نے گزشتہ جون کے اوریج اضافے کی نرخ دیے جو کابینہ میں زیر غور آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا عوام پر سارا بوجھ نہیں ڈالیں گے، انہوں نے بتایا کہ 5 روپے 76 پیسے فی یونٹ کا بوجھ 440 ارب روپے ہے جو حکومت نے برداشت کیا۔

وزیر توانائی نے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں آئے 3 ماہ ہوئے ہیں، ڈیڑھ سال میں سستی بجلی فراہم کرنے کی پوزیشن میں آجائیں گے، ہم اعتراف کرتے ہیں بجلی کی قیمت زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے، امید ہے آہستہ آہستہ مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے، بلوچستان میں مشکل سے ساڑھے 3گھنٹے کی بجلی دے رہے ہیں۔

اویس لغاری نے کہا کہ انٹریسٹ ریٹ نہ بڑھا اور ڈالر میں استحکام رہا تو اگلے سال جنوری میں قیمت دو سے تین فیصد فی یونٹ کم ہوگی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ انڈسٹری پر ڈیڑھ سو ارب کا بوجھ کم کیا ہے، کئی صارف 7 اور 15 روپے یونٹ دے رہا ہے، اس وقت ہمارے اوریج یونٹ رقم 35 روپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سے ڈیڑھ سال میں اصلاحات کے بعد سستی بجلی فراہم کرنے کی پوزیشن میں آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024