• KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm
  • KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm

ایم کیو ایم کو کراچی میں نفرت کی سیاست کرنی ہے اس لیے حقائق کے منافی بات کرتی ہے، مرتضیٰ وہاب

شائع July 6, 2024
مرتضیٰ وہاب نے کہا مصطفیٰ کمال نے پہلے کہا تھا پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مرتضیٰ وہاب نے کہا مصطفیٰ کمال نے پہلے کہا تھا پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

میئر کراچی و پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لوگوں کو شہر میں نفرت کی سیاست کرنی ہے اس لیے یہ لوگ حقائق کے منافی باتیں کرتے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے آج صبح بہت ساری باتیں کیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئی کام نہیں ہوا، مصطفیٰ کمال نے کہا سندھ میں تباہی ہوچکی ہے، مصطفیٰ کمال نے پہلے کہا تھا پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ کے مفاد میں ہوتا ہے تو کہتے ہیں آصف زرداری سے اچھا کوئی نہیں، آپ کے مفاد میں نہیں ہوتا تو کہتے ہیں پیپلز پارٹی سے برا کوئی نہیں، مصطفیٰ کمال نے ماضی میں یہ بھی کہا تھا کہ آصف زرداری کے دور سے زیادہ کام کسی نے نہیں کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’مصطفیٰ کمال کبھی دلوں کو جوڑنے اور کبھی توڑنے کی باتیں کرتے ہیں، کیا اس طرح محبت بانٹی جائے گی اور دلوں کو جوڑا جائےگا؟‘

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’ایم کیو ایم وہ دن بھول گئی جب دکانیں بند کراتی تھی، بھتے لیتی تھی، سب کو پتا ہے جب آپ کے اشاروں پر شہر بند ہو جاتا تھا، آج کوئی بندہ شہر کو بند نہیں کرا سکتا، کراچی میں اب دہشت کا راج ہے اور نہ بوری بند لاشیں مل رہی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ان لوگوں کو شہر میں نفرت کی سیاست کرنی ہے، یہ لوگ حقائق کے منافی باتیں کرتے ہیں، سندھ حکومت نوجوانوں کو روزگار دینا چاہتی تھی لیکن ایم کیوایم عدالت چلی گئی جبکہ آج انکشاف ہوا جب مصطفیٰ کمال نے کہا کراچی میں 300 ارب روپے خرچ کیے۔‘

واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح پریس کانفرنس میں مصطفیٰ کمال نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے ترقی کرنے کے تمام دعووں کو مسترد کیا تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ان کے مطابق سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی جگہ بن گئی ہے، وزیراعلی کہتے ہیں سندھ میں دودھ کی نہریں بہہ رہی ہیں۔

رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 15 سالوں میں صرف آنکھوں میں دھول جھونکی۔

مصطفیٰ کمال نے اشتہارات کی مد میں اربوں روپے خرچ کرنے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے طنز کیا کہ عملی کام کرکے دکھائیں تو اشتہارات دے کر لوگوں کو بتانا نہیں پڑتا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024