• KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm
  • KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm

مردان: تخت بائی میں دھماکے کا مقدمہ درج

شائع July 6, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے تخت بائی میں جلالہ پل کے قریب گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلی گئی۔

ایف آئی آر تھانہ شیرگڑھ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں کہا گیا کہ نامعلوم دہشت گردوں کا ہدف اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) تخت بائی کی موبائل وین تھی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) خالد خان نے ڈان کو ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’نامعلوم دہشت گردوں‘ نے تخت بھائی کے علاقے میں جلالہ پل کے قریب ڈیوائس نصب کی تھی اور اسے اس وقت دھماکے سے اڑا دیا جب پولیس وین وہاں سے گزر رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں پولیس کی گاڑی اور ایک رکشے کو نقصان پہنچا، رکشے میں سوار 3 افراد جاں بحق جب کہ 2 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔

خالد خان کا مزید کہنا تھا کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور سرچ آپریشن شروع کردیا، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال تخت بھائی اور زخمی پولیس اہلکاروں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا۔

مردان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ظہور باربر آفریدی نے ڈان کو بتایا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار افسوس اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی دھماکے کی مذمت کی اور متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024