9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی، راناثنااللہ

شائع July 7, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بیرونی مدد بھی حاصل تھی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں ہنگامہ آرائی اور افراتفری کے لیے پی ٹی آئی کو بیرونی مدد حاصل تھی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو کچھ بھی کیا، اس کے لیے انہیں بیرونی فنڈنگ حاصل تھی، دشمن ممالک پی ٹی آئی کے ذریعے پاکستان میں افراتفری چاہتے ہیں، اگر کابینہ نے فیصلہ کیا تو پی ٹی آئی کو بیرونی مدد کے ثبوت بھی پیش کیے جاسکتے ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے اجازت نہیں دی کہ جیل میں سیاسی کانفرنسز، میٹنگز کریں، عمران خان کویہ اجازت نہیں ہے کہ وہ جیل میں رہ کر ایسی منصوبہ بندی کریں کہ باہر افراتفری ہو۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سابق وزیراعظم نوازشریف پر بھی پابندی لگائی گئی تھی کہ وہ جیل میں کسی سے نہ مل سکیں۔

اسلام آباد میں جلسہ کی اجازت نہ ملنے سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے محرم کے آغاز میں جلسہ کرنے کا فیصلہ مناسب نہیں تھا، پی ٹی آئی سیاسی طور پر افراتفری کرنے کے لیے جلسہ کرنا چاہ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقامی انتظامیہ کا معاملہ ہے اور وہ اس پر جوابدہ ہیں، یقنیناً ان کے پاس کچھ ایسی انٹیجلی جنس رپورٹس ہوں گی جس کی بنیاد پر انہوں نے جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کا جلسہ کرنے کا کوئی ایک مقصد ہوتا ہے لیکن پی ٹی آئی کا مقصد صرف افراتفری پھیلانا ہے، کیا انہیں جلسے کی اجازت اس لیے دی جائے کہ وہ ایک اور 9 مئی کے ذریعے ریاست پر حملہ آور ہوں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ہی اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی تھی۔

تاہم، گزشتہ روز اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے آج ہونے والے جلسے کا عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) معطل کردیا تھا، اسلام آباد انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال اور محرم الحرام کے باعث این او سی معطل کیا گیا۔

بعد ازاں، پاکستان تحریک انصاف نے جلسے کا این او سی معطل کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا تھا، لیکن پھر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں پارٹی کے سینئر رہنماوں عمر ایوب، علی محمد خان، اسد قیصر، رؤف حسن اور دیگر کےہمراہ پریس کانفرنس کے دوران جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024