9 مئی کیس: پولیس نے عمران خان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا
لاہور پولیس نے 9 مئی جناح ہاؤس ،عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے 9 مئی کے تینوں مقدمات میں جسمانی ریمانڈ لینے کی درخواست تیار کر لی، پولیس نے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی درخواست تیار کی ہے۔
مزید براں تفتیشی افسر جسمانی ریمانڈ کی درخواست لے کر انسداد دہشت گردی لاہور عدالت پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جناح ہاؤس سمیت 12 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاہور پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں گرفتاری ڈالتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ریاست کے خلاف اکسانے کی دفعات کے تحت تفتیش کی جائے گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مجموعی طور پر 16 مقدمات درج ہیں اور انہوں نے 4مقدمات میں ضمانت کرا رکھی ہے۔
لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل پہنچ کر بانی پی ٹی آئی کی باضابطہ گرفتاری ڈال دی تھی۔
یاد رہے کہ 14 جولائی کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔