جنوبی کوریا کے دستے کو شمالی کوریا کا قرار دینے پر انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی معذرت
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کے نام سے متعارف کرانے کی غلطی پر معافی مانگ لی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے جنوبی کوریا کے ایتھلیٹس کو غلطی سے شمالی کوریا کے طور پر متعارف کرا دیا تھا۔
جیسے ہی جنوبی کوریا کا وفد فرانسیسی دارالحکومت میں دریائے سین پر پہنچا تو ان کا تعارف پہلے فرانسیسی اور پھر انگریزی زبان میں شمالی کوریا کے سرکاری نام کے ساتھ کرایا گیا۔
انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اپنی سرکاری کوریائی زبان کے ایکس کے اکاؤنٹ پر پوسٹ میں کہا کہ ہم افتتاحی تقریب کی نشریات کے دوران جنوبی کوریا کی ٹیم کا تعارف کرواتے ہوئے ہونے والی غلطی پر دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں۔
اس غلطی پر جنوبی کوریا کی جانب سے ناخوشگوار ردعمل سامنے آیا ہے۔
جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے ہفتے کو دیر گئے بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے اسے ’ناقابل معافی واقعہ‘ قرار دہتے ہوئے کہا ہے کہ تھامس باخ نے صدر یون سک یول سے فون پر معافی مانگی۔
یون سک یول نے باخ سے کہا کہ کہ جنوبی کوریا کے باشندے اس غلطی پر حیران تھے اور دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
قبل ازیں، جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہا کہ وہ 2024 کے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران جنوبی کوریا کے دستے کا شمالی کوریا کے طور پر تعارف کرانے پر ’افسوس کا اظہار‘ کرتی ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے سیئول میں فرانسیسی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے جس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ’ناقابل فہم غلطی‘ قرار دیا ہے۔
اس غلطی کے بعد افتتاحی تقریب میں شمالی کوریا کے دستے کو صحیح طریقے سے ملک کے سرکاری نام کے ساتھ متعارف کرایا گیا۔
انٹر کوریائی تعلقات برسوں سے تناؤ کا شکار ہیں اور پیانگ یانگ نے سیول کو اپنا بنیادی دشمن قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جہاں افتتاحی تقریب میں ہونے والی غلطیوں پر اولمپکس کمیٹی کے ساتھ ساتھ منتظمین اور فرانس کو ناقص انتظامات کا ذمے دار قرار دیا جارہا ہے۔
اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں اس وقت ایک بڑی غلطی دیکھنے کو ملی جب اولمپک کا جھنڈا ہی الٹا لہرا دیا گیا۔