• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:28am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:31am Sunrise 5:55am

فوج عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی، بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا اعلان

شائع August 5, 2024
فوٹو: بنگلہ دیش نیشنل نیوز ایجنسی
فوٹو: بنگلہ دیش نیشنل نیوز ایجنسی

بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقیر الزمان نے کہا ہے کہ فوج عوام کے اعتماد کی علامت ہے، جو عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔

بنگلہ دیش کے سرکاری خبررساں ادارے بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (بی ایس ایس) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل وقیر الزمان نے آرمی ہیڈ کوارٹر میں فوجی افسران سے خطاب کیا۔

بنگلہ دیشی آرمی چیف نے ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی کے معاملے فوجی افسران کو ہدایات دیں اور اس دوران انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔

جنرل وقیر الزمان نے ہر صورت میں عوام کے جان و مال سمیت اہم ریاستی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی فوج ملک کے عوام کے اعتماد کی علامت ہے، فوج ریاست کی خاطر ہمیشہ عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی۔

انہوں نے فوجی افسران کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مختلف افواہوں سے باخبر رہیں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں میں جھڑپوں کے دوران مرنے والوں کی مجموعی تعداد کم از کم 300 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز بنگلہ دیش میں طلبہ گروپ کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کردیا گیا تھا جس کے پہلے ہی روز پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 91 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

وزیر اعظم حسینہ واجد نے نیشنل سیکیورٹی پینل کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے طلبہ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو ملک کو غیرمستحکم کرنے کے لیے باہر نکلے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024