• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

وزیر اعلیٰ پنجاب کا ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان

شائع August 9, 2024
ان کا کہنا تھا کہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے — فائل فوٹو: ایکس
ان کا کہنا تھا کہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے — فائل فوٹو: ایکس

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیولن تھرو میں 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین اور 10 کروڑ روپے کے خصوصی انعام کا اعلان کردیا۔

اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا ہے، اب قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر ان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور ان کے کوچنگ اسٹاف کی محنت کو بھی سراہا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں اسپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے، اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے جبکہ میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے پیرس اولمپکس تک سفر قابلِ داد ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جیت خوبصورت چیز ہے، جیت پانے کے لیے خود کو کھونا پڑتا ہے، 92.97 میٹر کی ’گولڈن تھرو‘ کرکے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی۔

قبل ازیں اولمپکس میں ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی کے بعد حکومت سندھ اور گورنر کامران ٹیسوری نے 5 کروڑ 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ 8 اگست کی رات کو ہونے والے جیولین تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم نے ریکارڈ 92 اعشاریہ 97 میٹر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025