• KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm

صدر مملکت کا ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کا فیصلہ

شائع August 10, 2024
فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے لیے پہلا انفرادی گولڈ میڈل لانے والے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی ہدایت کردی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری جیولن تھرور ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ عطا کریں گے۔

صدر پاکستان کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کے لیے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا ہے۔

ایون صدر کی جانب سے بھیجے گئے خط میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کے لیے فخر کا باعث بنی۔

خط میں مزید کہا گیا کہ ارشد ندیم نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا، صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت عطا کریں گے۔

دوسری جانب، پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم وطن واپسی کے لیے پیرس سے روانہ ہوگئے جب کہ قومی ہیرو کے فقید المثال استقبال کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جیولن تھرو مقابلے میں اولمپک ریکارڈ بنانے والے ارشد ندیم کو طلائی تمغہ دے دیا گیا تھا، جب کہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو چاندی اور گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو کانسی کا تمغہ دیا گیا تھا۔

8 اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

پاکستان کے ارشد ندیم پہلی تھرو صحیح نہ کر سکے تھے اور ان کی پہلی تھرو کو فاؤل قرار دے دیا گیا تھا، تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے 88.72 میٹرز کی تھرو کی جبکہ جمہوریہ چیک کے جیکب ویڈلیج نے 88.50 میٹر دور نیزہ پھینکا تھا۔

ارشد ندیم نے چوتھی تھرو میں نیزہ 79.40 میٹرز دور پھینکا تھا، انہوں نے پانچویں تھرو کی تو نیزہ 84.87 میٹر دور جا گرا تھا۔

چھٹے اور آخری راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے میں دوسری بہترین تھرو کرتے ہوئے نیزہ 91.79 میٹرز دور پھینک کر اولمپک کی دوسری بہترین تھرو کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025