• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بلوچستان: کانگو وائرس ایک اور جان لے گیا، مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی

شائع August 16, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

بلوچستان میں کانگو وائرس میں مبتلا ایک مریض دم توڑ گیا جبکہ رواں سال اب تک صوبے میں 5 افراد کانگو وائرس کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایم ایس فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر علی احمد نے بتایا کہ گزشتہ شب 42 سال محمد اقبال نامی شخص کو فاطمہ جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جن کے ٹیسٹ رات کو ہی لئے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ مریض کا کانگو سے بچاؤ کے اعلاج کا آغاز کردیا گیا تھا اورآج صبح موصول ہونے والی رپورٹس میں نتائج مثبت آئے تھے تاہم حالت تشویشناک ہونے کے باعث مریض آج نماز جمعہ کے وقت دم توڑ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریض کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کانگو وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان میں رواں سال 21 مریضوں میں کانگو کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

کانگو وائرس کیا ہے؟

یہ وائرس مویشی گائے، بیل، بکری، بکرا، بھینس اور اونٹ، دنبوں اور بھیڑ کی کھال سے چپکی چیچڑوں میں پایا جاتا ہے، چیچڑی کے کاٹنے سے وائرس انسان میں منتقل ہو جاتا ہے۔

اس بیماری میں جسم سے خون نکلنا شروع ہوجاتا ہے۔ خون بہنے کے سبب ہی مریض کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

یہ وائرس زیادہ تر افریقہ اور جنوبی امریکا ’مشرقی یورپ‘ ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں پایا جاتا ہے، اسی بنا پر اس بیماری کو افریقی ممالک کی بیماری کہا جاتا ہے، یہ وائرس سب سے پہلے 1944 میں کریمیا میں سامنے آیا، اسی وجہ سے اس کا نام کریمین ہیمرج رکھا گیا تھا۔

کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے، اسے سردرد، متلی، قے، بھوک میں کمی، نقاہت، کمزوری اور غنودگی، منہ میں چھالے، اورآنکھوں میں سوجن ہوجاتی ہے۔

علامات: تیز بخار سے جسم میں سفید خلیات کی تعداد انتہائی کم ہوجاتی ہے جس سے خون جمنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ متاثرہ مریض کے جسم سے خون نکلنے لگتا ہے اورکچھ ہی عرصے میں اس کے پھیپھڑے تک متاثر ہوجاتے ہیں، جبکہ جگر اور گردے بھی کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور یوں مریض موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔ اس لیے ہر شخص کو ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے۔

احتیاطی تدابیر: کانگو سے متاثرہ مریض سے ہاتھ نہ ملائیں، مریض کی دیکھ بھال کرتے وقت دستانے پہنیں، مریض کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح دھوئیں، لمبی آستینوں والی قمیض پہنیں، جانور منڈی میں بچوں کو تفریح کرانے کی غرض سے بھی نہ لے جایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024