’خواتین بھارت میں محفوظ نہیں‘، ٹرینی ڈاکٹر کے قتل پرمعروف اداکار پھٹ پڑے
کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل نے جہاں دنیا بھر کو حیران کیا ہے، وہیں اب بالی وُڈ اداکار بھی پھٹ پڑے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 9 اگست کو 31 سالہ ٹرینی ڈاکٹر کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور ہسپتال میں ریپ کے بعد قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد سے بھارت میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے کام چھوڑ ہڑتال کی جا رہی ہے، جبکہ سول سوسائٹی کی جانب سے بھی احتجاج کیا جا رہا ہے۔
تاہم اب بالی وُڈ اداکار بھی بول پڑے ہیں اور خود تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اداکارہ عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ایک اور ریپ، ایک اور دن جب یہ احساس ہو کہ خواتین بالکل بھی محفوظ نہیں ہیں۔
عالیہ بھٹ کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ ایک اور بھیانک حرکت، نربھیا والے واقعے کے ایک دہائی بعد بھی ہمیں یاد دہانی ہو رہی ہے، کہ کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا ہے۔ عالیہ بھٹ نے پوسٹ میں بھارت میں خواتین کے ریپ کے حوالے سے اعداد شمار شیئر کردیے۔
عالیہ بھٹ نے بتایا کہ بھارت میں 30 فیصد ڈاکٹرز اور 80 فیصد نرس اسٹاف خواتین پر مشتمل ہے، ہمارے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر، یہ خواتین ہی ہوتی ہیں جو کہ کمزور ہیں۔ 2022 سے اب تک خواتین کے خلاف جرائم میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے، جہاں 20 فیصد ریپ شامل ہیں، سال 2022 میں بھارت میں ہر دن ریپ کے 90 کیسز رپورٹ ہوئے، ہم تمام، بطور خواتین کیسا محسوس کریں، ہم کیسے اپنے کاموں پر جائیں یا اس خیال کے ساتھ کیسے اپنی زندگی گزاریں؟ یہ بھیانک واقعہ ایک بار پھر ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ خواتین کو اپنی حفاظت خود کرنی ہے۔
اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے لکھا کہ اس ملک میں 50 سال گزر گئے ہیں اور میں اپنی بیٹی کو وہی چیز سمجھا رہی ہوں جو کہ مجھے بچپن میں سمجھائی گئی تھی۔
ٹوئنکل کھنہ نے کہا کہ پارک، اسکول، یا ساحل پر یا کسی بھی مرد کے ساتھ اکیلے مت جاؤ، خواہ وہ آپ کے انکل، کزن یا دوست ہی کیوں نہ ہو، صبح اور خاص کر رات میں اکیلے مت نکلا کرو، اکیلے مت باہر جایا کرو اس لیے نہیں کہ اگر، بلکہ اس لیے کہ تم کبھی واپس نہیں آ سکےتو۔
اداکار آیوش من کھرانا نے ٹوٹے ہوئے دل والے ایموجی کے ساتھ ہیش ٹیگ ’کاش میں بھی لڑکی ہوتی‘ کا استعمال کیا۔
اداکارہ کریتی سینن نے لکھا کہ ہم بھارتی آزادی کا دن منا رہے ہیں اور اسی دن میرا دل ٹوٹ گیا، جب مجھے اس بات کا احساس ہوا کہ خواتین اپنے ہی ملک میں محفوظ نہیں ہیں، ایسی حرکت کرنے والوں میں کوئی خوف نہیں ہے، اور آج بھی خواتین کو ہی قصوروار ٹہھرایا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر جلد از جلد انصاف نہیں دیا جائے گا، سخت سزائیں نہیں ہوں گی، کچھ بھی تبدیل نہیں ہوگا۔
جبکہ پاکستانی اداکار ہ سجل علی نے بھی انسٹاگرام پر بھارت میں ریپ کے کیسز کے حوالے سے پوسٹ کیا، جس میں انہوں نے ایک 3 سالہ بچی کے ریپ پر لکھا کہ ’اس بچی کی ہی غلطی ہوگی‘، جبکہ ایک اور خبر پر اداکارہ نے لکھا کہ لڑکیوں کو نامعلوم افراد کے ساتھ بات چیت نہیں کرنی چاہیے، اسی طرح ایک اور خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ لڑکیوں کو رات کے وقت باہر نہیں نکلنا چاہیے۔
اداکارہ نے بھارتی میڈیا کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ لڑکی کیا پہنے ہوئے تھی؟ جبکہ ایک اور خبر پر تبصرہ کیا، اس خاتون ڈاکٹر کا پروفیشن ہی سوالیہ نشان ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ اس بار آپ کا بہانہ کیا ہے یا اس بار بھی اسی کی غلطی ہے کیونکہ مرد ہمیشہ صحیح ہوتے ہیں، ایسا ہی ہے نا؟
کرینہ کپور نے ٹرینی ڈاکٹر کے ریپ اور قتل پر اظہار خیال کرتے ہوئے لکھا کہ 12 سال قبل، وہی کہانی، وہی احتجاج مگر آج بھی کچھ تبدیل نہیں ہوا ہے۔
اداکارہ پرینکا چوپڑا کی جانب سے پوسٹ کرتے ہوئے لکھنا تھا کہ اگر آپ اس لڑکی کے لیے آواز نہیں اٹھائیں گے تو کون اٹھائے گا؟
واضح رہے 9 اگست کو بھارتی شہر کولکتہ کے آر جے کالج اور ہسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کو ریپ کے بعد بہیمانہ تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد بھارت بھر میں ڈاکٹرز سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔