• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

بنگلہ دیش کی تاریخی فتح: مشفیق الرحیم نے انعامی رقم سیلاب متاثرین کے نام کردی

شائع August 25, 2024
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بنگلادیش کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر مشفیق الرحیم نے مین آف دی میچ کی انعامی رقم بنگلہ دیش کے سیلاب متاثرین کے نام کردی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو پہلی بار شکست دیکر 10 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کی اور سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔

پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم چوتھے روز آخری سیشن میں 556 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور پاکستان پر 117 رنز کی برتری حاصل کی۔

تاہم قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 146 رنز بناسکی، محمد رضوان 51 رنز بناکر نمایاں رہے، بنگلہ دیش نے 30 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرکے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

بنگلہ دیش کی تاریخی فتح میں مرکزی کردار ادا کرنے والے مشفق الرحیم کو 191 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے بعد مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرتے وقت اپنی گفتگو میں سابق کپتان مشفق الرحیم نے مین آف دی میچ سے حاصل ہونے والی انعامی رقم بنگلا دیش کے سیلاب متاثرین کے نام کردی۔

انہوں نے کہا کہ تاریخی کامیابی پر بہت خوش ہیں، پوری ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا اور کامیابی حاصل کی، انہوں نے کہا کہ اپنی انعامی رقم بنگلادیش کے سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کو اس وقت سیلابی صورتحال کا سامنا ہے،حالیہ مون سون بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے تقریباً 3 لاکھ افراد ایمرجنسی پناہ گاہوں میں منتقل ہو گئے ہیں۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سیاسی بحران سے نمٹنے کی کوشش کرنے والے بنگلہ دیش میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے جہاں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کی زد میں آ کر کم از کم 15 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ سیلابی صورتحال پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھ کر پاکستان کی جانب سے مدد کی پیشکش کی۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس کے نام خط میں کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ بنگلہ دیش آپ کی قیادت میں اس مشکل سے جلد نکل آئے گا اور پاکستان اس مشکل وقت میں ہر طرح سے بنگلہ دیش کی مدد کے لیے تیار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024