• KHI: Maghrib 6:32pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:26pm
  • ISB: Maghrib 6:10pm Isha 7:33pm
  • KHI: Maghrib 6:32pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 6:04pm Isha 7:26pm
  • ISB: Maghrib 6:10pm Isha 7:33pm

جموں و کشمیر کا تنازع یکطرفہ طور پر حل کرنے کے دعوے گمراہ کن ہیں، دفتر خارجہ

شائع September 1, 2024
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ— فائل فوٹو: فیس بُک
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ— فائل فوٹو: فیس بُک

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ کے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا تنازع یک طرفہ طور پر حل کرنے کے دعوے ناصرف گمراہ کن ہیں بلکہ زمینی حقائق کو واضح طور پر نظر انداز کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے لہٰذا بھارت مقبوضہ کشمیر کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اس دیرینہ تنازع کا حل ناگزیر ہے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان واضح طور پر ہر اس بیانیے کو مسترد کرتا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہو کہ جموں و کشمیر کا تنازع یک طرفہ طور پر حل کیا گیا ہے یا کیا جاسکتا ہے، اس طرح کے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ زمینی حقائق کو واضح طور پر نظر انداز کرتے ہیں۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید کہا کہ اگرچہ پاکستان سفارتکاری اور بات چیت کے لیے پرعزم ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ بھرپور جواب دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازع کے حل سے جڑا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر زیر قبضہ کشمیر کے بارے میں اپنے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے اور جموں کشمیر کے تنازع کے منصفانہ، پرامن، دیرپا حل اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات کرے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ جہاں تک جموں و کشمیر کا تعلق ہے تو آرٹیکل 370 ختم ہو چکا ہے تو یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بلاتعطل بات چیت اور مذاکرات کا دور ختم ہو گیا ہے کیونکہ ہر عمل کے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 ستمبر 2024
کارٹون : 16 ستمبر 2024