ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام، 4 خارجی خودکش بمبار ہلاک

شائع September 7, 2024
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں کامیاب کارروائی کے دوران 4 خارجی خود کش بمبار دہشت گردوں کو ہلاک کرکے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹرز مہمند پر حملے کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 4 خارجیوں نے ایف سی ہیڈکوارٹرز مہمند پرحملے کی کوشش کی، چاروں خودکش بمبار مطلوبہ نقصان پہنچانے سے پہلے ہی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں خارجیوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

آئی ایس پی آر نےکہا تھا سیکیورٹی فورسز نے خیبرکےعلاقے تیراہ میں خفیہ اطلاعات پر یہ آپریشن کیا، ہلاک ہونے والوں میں خارجی سرغنہ ابوزر عرف صدام بھی شامل تھا، آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، اس دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

اس سے قبل 19 اگست کو باجوڑ میں خوارجی کے ایک گروپ کی پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادیا تھا، آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا تھا کہ خارجی دہشت گردوں نے 18 سے 19 اگست کی رات کو پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے خارجی دہشت گردوں کی در اندازی کو باجوڑ میں ناکام بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ کارروائی کے دوران 4 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔

صدر مملکت، وزیراعظم کی جانب سے حملہ ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں خوارج حملہ اوروں کا خاتمہ کیا۔

ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں صدر مملکت نے خوارج کیخلاف سیکورٹی فورسز کی مو ثر اور جرات مندانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہیں جو ہر لمحہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے تیار ہیں،دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے 4 خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔

وزیرِ اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے.

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران و جوان فتنہ الخواج کے دھشتگردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کے لیے مصروفِ عمل ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025