• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:50pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:20pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:25pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:50pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:20pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:25pm

پی ٹی آئی والے جلسہ ضرور کریں لیکن یاد رکھیں این آر او نہیں ملے گا، طلال چوہدری

شائع September 7, 2024
طلال چوہدری، فوٹو: اسکرین شاٹ
طلال چوہدری، فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مقصد عمران خان کے کیسز ختم کرانا ہے، وہ جلسہ ضرور کریں لیکن دوبارہ 9 مئی نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی انہیں این آر او ملے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنا ہے تو آئین اور قانون کے دائرہ میں رہ کر کرے، جلسے کریں لیکن رنگ بازی اور شعبدے بازی نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ان جلسوں سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا معاہدہ نہیں رکے گا اور نہ ہی معیشت کو کوئی دھچکا لگے گا، بار بار جلسہ جلسہ کہہ کر یہ تاثر نہ دیں کہ انتظامیہ آپ کو جلسہ نہیں کرنے دے رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اُمید ہے آپ اس بار جلسہ کرکے دکھائیں گے جس کا واحد مقصد این آر او ہے کیوں کہ پی ٹی آئی والے این آر او چاہتے ہیں، ان کی سیاست کا مقصد ایک ہی ہے کہ اڈیالہ کے مجرم کو معافی دلوائی جائے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کہتے ہیں کہ کرینیں لے کر آؤں گا، آپ اپنی کارکردگی لے کر آئیں، عوام کے پیسوں سے اسلام آباد پر چڑھائی نہ کریں، سب سے زیادہ دہشت گردی اور بے امنی خیبر پختونخوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں آکر بڑھکے مار کر آپ اپنی کارکردگی نہیں چھپا سکتے، آپ کی شہداء سے کیا لڑائی ہے؟ کیا ناراضگی ہے؟ جب شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن آتا ہے آپ تب بھی شہداء کے گھر نہیں جاتے، سیدھی بات کریں کہ آپ جلسہ کے ذریعے ملک میں عدم استحکام چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جلسوں اور دھرنوں کے دوران کاروبار زندگی مفلوج کیا گیا، ماضی میں اسلام آباد کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس بار جلسے میں قانون کی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹاجائےگا۔

لیگی سینیٹر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کئی گروپوں میں تقسیم ہوچکی ہے، ہرگروپ پی ٹی آئی پر قبضے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے کل اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کا مقام ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی مداخلت کے بعد جلسے کی جگہ تبدیل کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024