• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارت سمیت تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی، چیئرمین پی سی بی

شائع September 7, 2024
چیئرمین پی سی بی کا قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ  — فوٹو: پی سی بی
چیئرمین پی سی بی کا قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ — فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہوگی اور بھارت سمیت تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چمپئینز ٹرافی سے متعلق وہ شریک ٹیموں کے کرکٹ بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں اور جے شاہ کے آئی سی سی کے چیئرمین بننے کی وجہ سے پاکستان کو کوئی پریشانی نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک قذافی اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت تیار ہوجائے گی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی بھی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کرلیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 2006-07 میں بننے والے پنڈی اسٹیڈیم کی حالت بہت خطرناک ہے، پنڈی اسٹیڈیم سارا گرا کر بنانا پڑے گا، چمپئینز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم میں سیٹس لگا دی جائیں گی جب کہ اسلام آباد میں دبئی جیسا نیا اسٹیڈیم بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز ملتان اور پنڈی میں ہوگی، جب کہ لاہور میں اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل چمپینز ٹرافی کے بعد بنائیں گے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملی ہے جو 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بھارت کے تمام میچز ایک ہی شہر (لاہور) میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہور میں واہگہ بارڈر کی وجہ سے میچز رکھے گئے ہیں تاکہ بھارتی شہری ان میچز میں آسانی سے شرکت کرسکیں۔

تاہم، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی شمولیت اب بھی سوالیہ نشان ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دورہ پاکستان کا فیصلہ بھارتی حکومت پر چھوڑا ہوا ہے اور بھارتی حکومت کی جانب سے اس بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جب کہ 2013-2012 میں پاکستان کے دورہ انڈیا کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہیں۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025