• KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:54am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:54am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

سپریم کورٹ نے میڈیا چینلز کی غیر مشروط معافی قبول کر لی

شائع September 12, 2024
فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر فیصل واڈا اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس براہ راست دکھانے کے معاملے پر میڈیا چینلز کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے چینلز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی۔

سپریم کورٹ میں فیصل واڈا اور مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس براہ راست دکھانے سے متعلق میڈیا چینلز کے خلاف توہین عدالت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ سب سے بڑے نیٹ ورکس کون سے ہیں جس پر پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہا کہ جیو اور اے آر وائی بڑے نیٹ ورکس ہیں، انہوں نے عدالتی ہدایت پر دونوں بڑے چینلز کے جواب پڑھ کر سنائے۔

چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ نے معافی کن وجوہات پر مانگی ہے جس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ 28 جون کا عدالتی حکمنامہ پڑھا تو احساس ہوا غلطی ہوئی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ ہمارے اس آرڈر سے اتنے متاثر ہوتے تو اس کی تشہیر نہ کرتے، آپ ٹی وی چینلز سب کنٹرول کرتے ہیں کون کیا سنے کیا سوچے، آپ نے ہمارے اس حکمنامے کو دبا دیا، یہ اخبارات میں بھی نہیں آیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ آپ نے سنسنی پھیلانی ہوتی ہے، یوٹیوب پر بھی ڈالرز ہی دیکھے جاتے ہیں، میں نے اپنے کیریئر میں یہ پہلا توہین عدالت کا کیس اٹھایا، ہر طرف چور چور ہو رہی ہوتی ہے کس طرح کا ملک چاہتے ہیں۔

’گالیاں نشر نہیں ہوں گی تو ریٹنگ کیسے آئے گی‘

چیف جسٹس نے کہا کہ گالیاں نشر نہیں ہوں گی تو ریٹنگ کیسے آئے گی، ان کی اپنی فیملیز کو گالیاں پڑیں تو پھر دیکھیں، ہم کسی کو جیل نہیں بھیجنا چاہتے مگر احساس ذمہ داری تو ہو، کیا آپ کو سخت ٹیچر جیسا پیمرا ہی چاہیے جو بتائے کیا ٹھیک کیا غلط ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے باہر سے کسی کی ضرورت نہیں، ٹی وی چینلز کو کیا سنسنی خیز رپورٹرز ہی چاہییں، آپ کو وہ رپورٹرز نہیں چاہییں جو سنجیدہ خبر لائیں، کچھ ایسے کورٹ رپورٹرز بھی بھیج دیئے جاتے ہیں جن کو کچھ پتہ نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ جیو خاص طور پر اسی پرسن کو دوبارہ بھیج دیتا ہے، سنسنی نہ پھیلانے والے رپورٹرز کو نکال دیا جاتا ہے، فیصل واوڈا، مصطفی کمال کی معافی کی تشہیر نہیں کی گئی۔

جسٹس عرفان سعادت نے استفسار کیا کہ کیا کسی چینل نے فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی گفتگو کی مذمت کی، ٹاک شوز میں بات ہوتی رہی نیوز میں تو مذمت نہیں ہوتی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان میں اور کوئی خبر نہیں کہ جنگل نہ کاٹو، پانی ضائع نہ کرو، پارلیمنٹ کو پی ٹی وی کے علاوہ کوئی کور نہیں کرتا، ایسا نہیں ہے پارلیمنٹ کو سب کوور کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ فیصل واوڈا اورمصطفی کمال عام آدمی نہیں تھے، دونوں کی پریس کانفرنس تو آپ نے کوور ہی کرنا تھی، دونوں جو بولیں گے اسے آپ کنٹرول نہیں کر سکتے مگر دوبارہ نشر تو نہ کریں۔ جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی باتیں پانچ بار چلائی گئیں۔

’ٹی وی چینلز نے معافی نامہ نشر کرنے کی یقین دہانی کروا دی‘

ٹی وی چینلز نے معافی نامہ نشر کرنے کی یقین دہانی کروا دی، ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے جو معافی مانگی اس کو بھی ہم نشر کرسکتے ہیں، ٹی وی چینلز خود احتسابی کا عمل بھی بہتر بنائیں گے، ڈیلے مکینزم بھی یقینی بنایا جائے گا، پریس کانفرنس میں کی گئی توہین آمیز باتیں بھی دوبارہ نشر نہیں ہونی چاہییں تھیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا کہ غیر مشروط معافی صرف توہین کی شدت کو کم کرتی ہے، 1996 کا خالد مسعود کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، عدالت طے کر چکی توہین عدالت کیس میں نیت نہیں دیکھی جاتی، ڈان کا اپنا ایک محتسب ہے باقی اداروں میں بھی خوداحتسابی ہونی چاہیے۔

اس دوران چئیرمین پی بی اے شکیل مسعود بھی عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے کہا کہ ہم خود احتسابی کے عمل کو بہتر بنائیں گے۔

بعد ازاں، سپریم کورٹ نے میڈیا چینلز کی غیر مشروط معافی قبول کر لی جس کے بعد میڈیا چینلز کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی ختم کر دی گئی۔

گزشتہ سماعتوں کا احوال

واضح رہے کہ 26 جون کو توہین عدالت کے کیس میں سینیٹر فیصل واڈا نے سپریم کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔

5 جون سپریم کورٹ نے توہین عدالت از خود نوٹس کیس میں رہنما متحدہ قومی موومنٹ مصطفیٰ کمال کی فوری معافی کی استدعا مسترد کردی تھی اور سابق وفاقی وزیر، سینیٹر فیصل واڈا سے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا تھا جبکہ توہین آمیز پریس کانفرنس نشر کرنے پر تمام ٹی وی چینلز کو شو کاز نوٹسز جاری کردیے اور دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا تھا۔

4 جون کو سپریم کورٹ کی جانب سے عدلیہ مخالف بیان پر توہین عدالت کے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا نے غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار کردیا تھا۔

4 جون کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر رہنما متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) مصطفٰی کمال نے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔

فیصل واڈا نے توہین عدالت نوٹس پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، اپنے جواب میں انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد عدلیہ کی توہین کرنا نہیں تھا، پریس کانفرنس کا مقصد ملک کی بہتری تھا، عدالت توہین عدالت کی کارروائی آگے بڑھانے پر تحمل کا مظاہرہ کرے۔

17 مئی کو سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس پر لیے گئے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سابق وزیر فیصل واڈا اور رہنما متحدہ قومی موومنٹ مصطفیٰ کمال کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کرلیا تھا۔

فیصل واڈا نے کیا کہا تھا؟

15 مئی کو سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب پاکستان میں کوئی پگڑی اچھالے گا تو ہم ان کی پگڑیوں کی فٹبال بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا، 15 روز ہوگئےجواب نہیں آیا، 19 اے کے تحت مجھے جواب دیا جائے، بابر ستار کہتے ہیں کہ جج بننے سے پہلے اس وقت کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کو رپورٹ بھیجی، ہم نے کہا کہ اس کے حوالے سے ریکارڈ روم کے اندر کوئی چیز ہوگی تحریری طور پر لیکن اس کا جواب ہمیں نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آرٹیکل 19 اے کے تحت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی نے آرڈر دیا کہ ہر پاکستانی بات کسی سے بھی پوچھ سکتا ہے تو پاکستانی تو دور کی بات ایک سینیٹر کو جواب نہیں مل رہا تو اب ابہام بڑھ رہا ہے، شک و شبہات سامنے آرہے ہیں کہ اس کے پیچھے منطق کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے چیزیں ہوئیں، ایک سال بعد یاد آئیں، تو ایک سال پہلے کیوں نہیں بتایا؟ اب پھر مداخلت ہوئی پرسوں تو الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا، اب آپ کو ثبوت دینے پڑیں گے کہ کس نے مداخلت کی، کیوں کی اور اس کے شواہد دیں تو ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ورنہ تو میں بھی فون اٹھا کر کہوں کہ جج نے کہہ دیا ہے کہ قتل کردو تو اس کا ٹرائل تھوڑی ہوجائے گا۔

فیصل واڈا نے کہا تھا کہ ہمیں جواب نہیں مل رہا، ہمیں بتایا جائے کہ کیا ریکارڈ کے اندر یہ سب لکھا گیا ہے اور اگر ریکارڈ کا حصہ نہیں تو اس کے نتائج ہوں گے، اطہر من اللہ صاحب تو تاریخی فیصلے کرتے ہیں، میرا گمان ہے کہ وہ اصول پسند آدمی ہیں، وہ کسی دباؤ میں نہیں آتے، کسی سے رات کے اندھیرے میں نہیں ملتے تو وہ ایسی غلطی نہیں کرسکتے کہ انہوں نے تحریری طور پر چیز نہ لی ہو، وہ ریکارڈ ہمیں ملنا چاہیے، ہم اسے کیوں نا مانگیں؟

بعد ازاں 16 مئی کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس پر از خود نوٹس لے لیا تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کیا کہا تھا؟

16 مئی کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ایک غریب اور مڈل کلاس آدمی بغیر پیسا خرچ کیے انصاف کی امید نہیں رکھ سکتا، ایک جج دہری شہریت پر عوامی نمائندے کو گھر بھیج سکتا ہے تو خود اس کے لیے یہ پابندی کیوں نہیں؟

اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمرا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کیا دہری شہریت پر کوئی شخص رکن قومی اسمبلی نہیں بن سکتا، تمام اداروں میں دہری شہریت کے قوانین لاگو ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری خلفشار کی وجہ سے ریاست میں کشمکش ہے، اس طرح کی سیاسی صورتحال سے ایک سیاسی کارکنان خاموش نہیں رہ سکتا ہے، عدلیہ نے نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج کر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک میں جعلی ڈگریوں، دہری شہریت پر ایم این ایز، سینیٹرز کو گھر جاتے دیکھا ہے، عدلیہ جیسے ادارہ میں قول و فعل میں تضاد آ رہا ہے، کیا دہری شہریت والے کسی شخص کو عدالت کا جج ہونا چاہیے؟

ان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت پر رکن اسمبلی کو گھر بھیج دیاجاتا ہے، شریعت عدالت سے سود کے خلاف فیصلہ آیا۔

کارٹون

کارٹون : 7 دسمبر 2024
کارٹون : 6 دسمبر 2024