• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

سیاسی وابستگی سے متعلق الیکشن ایکٹ پر عمل درآمد کیا جائے، اسپیکر پنجاب اسمبلی کا خط

شائع September 19, 2024
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان— فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان— فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسپیکر قومی اسمبلی کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر کہا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کے تحت آزاد امیدواروں کی سیاسی وابستگی سے متعلق عمل درآمد کیا جائے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو لکھے جانے والے خط میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی خود مختاری جمہوری نظام کی بنیاد ہے اور سپریم کورٹ نے 12 جولائی کے فیصلے میں آزاد امیدواروں کو کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کی اجازت دی۔

متن میں بتایا گیا کہ یہ امیدوار 2024 کے عام انتخابات کے بعد سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر چکے تھے اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے ان امیدواروں کو دوبارہ کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کی اجازت مل گئی ہے۔

خط میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024 کی منظوری دی جبکہ صدر مملکت نے بھی 7 اگست کو الیکشن ایکٹ پر دستخط کیے

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے خط میں مزید لکھا کہ کسی سیاسی جماعت سے وابستہ ہونے کے بعد امیدوار اب سیاسی وابستگی تبدیل نہیں کر سکتے اور الیکشن کمیشن کو الیکشن ترمیمی ایکٹ پر عملدرآمد کروانا ہو گا۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد قانوناً ممکن نہیں ہے اور الیکشن کمیشن پر پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد لازم ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آزاد امیدواروں کی سیاسی وابستگی سے متعلق ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت عمل درآمد کا پابند ہے لہٰذا الیکشن کمیشن پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین و ترمیمی الیکشن ایکٹ پر مکمل اور بلاتاخیر عمل درآمد کرے۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بھی چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ترمیم شدہ الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025