کراچی: صدر کے شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 9 گاڑیاں جل کر خاکستر
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے تجارتی مرکز صدر میں ایک شاپنگ سینٹر کے تہہ خانے میں آگ لگنے کے نتیجے میں 9 گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
حکام کے مطابق فائر فائٹرز کو وینٹیلیشن کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وجہ سے آگ بجھانے میں مصروف دو فائرمین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
صدر میں انسداد تجاوزات مہم کے خلاف دکانداروں کے احتجاج نے گارڈن ہائیڈرنٹس سے پانی لانے میں مصروف فائر فائٹرز کے لیے آگ بجھانے کا مسئلے کو مزید مشکل بنا دیا۔
صدر پولیس نے بتایا کہ پریڈی اسٹریٹ پر واقع نعمان سینٹر کے پارکنگ ایریا میں صبح 10 بج کر 10 منٹ پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور آگ لگنے کے سبب چار بائیک، دو کاریں اور ایک رکشہ جل کر خاکستر ہو گیا البتہ کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
سندھ حکومت کے ریسکیو 1122 کے اہلکار حسان خان نے ڈان کو بتایا کہ انہیں صبح سوا 10 بجے کے قریب شاپنگ سینٹر کے تہہ خانے میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی اور یہ آگ بجلی کے ڈسٹری بیوشن باکس میں لگی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ دکانداروں نے وہاں تھیلوں میں ’استعمال شدہ‘ کپڑے رکھے تھے جس کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی جس سے وہاں موجود سات موٹرسائیکلیں، ایک کار اور ایک رکشہ مکمل طور پر جل گئے جبکہ دیگر کئی گاڑیوں کو جزوی نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ چار منزلہ عمارت میں آگ بجھانے کا کوئی سامان نہیں تھا جبکہ اس کے علاوہ تہہ خانے میں کوئی وینٹی لیٹر بھی نہیں تھا جس کی وجہ سے دو فائرمین کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد 10 فائر ٹینڈروں نے دوپہر ایک بجکر 24 منٹ پر سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
آگ بجھانے کے دوران فائر فائٹرز پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے حسان خان نے بتایا کہ صدر کے تجارتی علاقے میں کے ایم سی کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے خلاف دکانداروں نے ایم اے جناح روڈ کو بلاک کر دیا تھا اور سڑک بلاک ہونے کی وجہ سے ہمیں گارڈن ایریا میں ہائیڈرنٹس سے پانی لانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔