• KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:55pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:11pm
  • ISB: Asr 3:32pm Maghrib 5:11pm
  • KHI: Asr 4:18pm Maghrib 5:55pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:11pm
  • ISB: Asr 3:32pm Maghrib 5:11pm

ژوب میں ایف سی کی چوکی پر حملہ ناکام، خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک

شائع October 9, 2024
فائل فوٹو:ڈان نیوز
فائل فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو: آئی ایس پی آر
فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر حملے کو ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے آج صبح سویرے ایف سی چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ اور سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے انتہائی مطلوب دہشت گرد عمر عرف عماری کو بھی جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گرد ڈپٹی کمشنر شیرانی کے قافلے پر حملے سمیت کئی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار جمشید خان شہید ہوئے، 39سالہ حوالدار جمشید خان شہید ڈیرہ بگٹی کے رہائشی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی پر آپریشن کیا جا رہا ہے، افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم کا حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشتگرد حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے حملے میں دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔

وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں حوالدار جمشید خان کی شہادت پر اظہار افسوس کیا، وزیراعظم نے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، شہیدوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سد باب تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025