• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

وفاقی کابینہ اجلاس، 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کردیے، وزیراعظم

شائع October 10, 2024
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا— فوٹو: اے ایف پی
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا— فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدے ختم کر دیے گئے ہیں اور ان معاہدوں کے خاتمے سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا اور قومی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہو گی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں 5 آئی پی پیز کے معاہدے منسوخ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

بعدازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری معیشت آہستہ آہستہ استحکام کی جانب گامزن ہے اور کل ہی ایک اور اہم معلومات موصول ہوئیں کہ ہماری سہ ماہی ترسیلات زر 8.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جو کسی بھی سہ ماہی میں ترسیلات زر کے حوالے سے ایک ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بیرون ملک حلال کمانے والوں کا ملکی معیشت پر اعتماد ہے اور پاکستان کی معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے ہمیں اور بھی سفر تیزی سے طے کرنا ہے جس میں ماضی کی طرح چیلنجز آئیں گے لیکن پچھلے سات ماہ میں جس طرح مسائل اور چیلنجز کے باوجود ہم نے بطور ٹیم ان کا سامنا کیا اور اللہ تعالیٰ نے اس کا آپ کو اجر کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عام آدمی نے مہنگائی، بینک کے پالیسی ریٹ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی شکل میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کیا ہے اور کابینہ کے تمام اراکین کے ساتھ پاکستان کے عوام کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے بے پناہ صبر اور تحمل کے ساتھ یہ مشکلات کاٹیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس گرمیوں کے موسم میں عوام کو کچھ ریلیف دینے کے لیے وفاق نے 50ارب روپے کی رقم سے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو ریلیف دیا اور یقیناً اس سے انہیں کچھ سہولت ملی، اسی طرح صوبہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دو ماہ کے لیے 50ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کر کے 400 سے 500 یونٹ تک کے صارفین کو دو ماہ کی سہولت دی جس کا انہیں بہت فائدہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں عوام کی مشکلات سے ناصرف پوری طرح باخبر ہیں بلکہ ان کو ریلیف دینے کے لیے جو کچھ بھی ہو سکتا ہے وہ کیا جا رہا ہے، یہ عوام کی نمائندہ حکومت ہے اور ہمیں عوام کی مشکلات کا پورا احساس اور شعور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی میں کمی لانے کے لیے جو اقدامات بھی کر سکتے ہیں وہ کر رہے ہیں اور پچھلے سال اس ماہ مہنگائی 32 فیصد تھی اور اس سال وہ 6.7 فیصد پر آ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ماضی میں پاکستان کے آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدے، بجلی چوری، ٹرانسمیشن لائنز کے نقصانات سمیت دیگر چیلنجز کی وجہ سے ہم عوام کو ریلیف فراہم نہیں کر سکے اور اگر ان سے چھٹکارا پا لیں تو ہم عوام کو بجلی میں سبسڈیز دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بجا طور پر شکوہ ہے کہ گزرے سالوں میں جو آئی پی پیز سے معاہدے ہوئے وہ ناصرف اپنے منافع کما چکے ہیں اور سرمایہ کاری واپس حاصل کر چکے ہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ منافع بھی حاصل کر چکے ہیں تو اب عوام کو کیا مل رہا ہے، یہ عام آدمی کا بالکل جائز سوال ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آئی پی پیز کے حوالے سے ہماری حکومت مسلسل کوششیں کرتی رہی، اس سلسلے میں اویس لغاری کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنی اور میں قوم کو بنانا چاہتا ہوں کہ پہلے مرحلے میں ہم پانچ آئی پی پیز سے بجلی کی خریداری کے معاہدے منسوخ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانچ آئی پی پیز نے باہمی رضامندی اور ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے آئی پی پیز سے بجلی کی خریداری کے معاہدے مکمل طور پر ختم کر دیے ہیں، ان کے آئی پی پیز کے سابقہ واجبات کو ادا کیا جائے گا اور اس میں سود شامل نہیں ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان معاہدوں کے خاتمے سے عوام کو سالانہ 60 ارب روپے کا فائدہ پہنچے گا اور قومی خزانے کو 411 ارب روپے کی بچت ہو گی، ان پانچ آئی پی پیز کے مالکان نے رضاکارانہ طور پر ان معاہدوں کو ختم کرنے پر اتفاق کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں اور ان معاہدوں کے ختم ہونے سے عوام کے لیے بجلی کی قیمت کم ہو گی۔

معاہدے منسوخ

ذرائع نے بتایا کہ 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے سے 400 ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، اس اقدام سے بجلی صارفین کو ریلیف ملے گا۔

ذرائع کے مطابق حب کو، راؤ سچ، لال پیر، صبا اور اٹلس پاور پلانٹس کے منسوخ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدوں کو قبل از وقت ختم کرنے کی تیاریاں شروع کرنے کے بعد متعدد آئی پی پیز نے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آج (جمعرات) ہنگامی اجلاس طلب کر لیے ہیں۔

گزشتہ روز معروف کاروباری شخصیت اور چیئرمین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان زبیر موتی والا نے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت کم ہو کر 9 سے 10سینٹ ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں، گیس کی قیمت شاید کم نا ہو لیکن بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔

قبال ازیں، ڈان نیوز نے بتایا تھا کہ اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور مختلف ممالک کے ساتھ ہونے والی باہمی یاداشتوں کی دستاویزات اور معاہدوں کی منظوری دیے جانے کی توقع ہے۔

مزید بتایا گیا تھا کہ اسی طرح کابینہ سے سعودی اور چینی کمپنیوں سے معاہدوں کی توثیق کروائے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی درآمد پر عائد پابندی کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں فارمیسی کونسل کی ازسرنو تشکیل اور نیوٹیک کے بورڈ کے نجی ممبرز کی تعیناتی پر بھی غور ہوگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ریاست جموں و کشمیر کے سال 25-2024 کے بجٹ کی منظوری کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025