• KHI: Fajr 5:13am Sunrise 6:29am
  • LHR: Fajr 4:43am Sunrise 6:04am
  • ISB: Fajr 4:48am Sunrise 6:10am
  • KHI: Fajr 5:13am Sunrise 6:29am
  • LHR: Fajr 4:43am Sunrise 6:04am
  • ISB: Fajr 4:48am Sunrise 6:10am

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اہلیہ نے شوہر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست واپس لے لی

شائع October 11, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر درخواست واپس لے لی گئی۔

سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر محمد اکرم کی اہلیہ، ان کی وکیل ایمان مزاری اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کے لاپتا ہونے کے بعد دائر کی گئی تھی۔

محمد اکرم کو محکمہ اینٹی کرپشن نے شیخوپورہ جیل میں دائر کرپشن کیس میں گرفتار کر رکھا ہے، محکمہ انسداد بدعنوانی نے محمد اکرم کو عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

جس کے بعد محمد اکرم کی اہلیہ نے عدالت سے بازیابی کی اپنی پٹیشن واپس لے لی۔

پٹیشن سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی اہلیہ میمونہ نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی میں دائر کی تھی۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن نے بتایا تھا کہ 2 ماہ سے لاپتا اڈیالہ جیل کے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس محمد اکرم پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کی تحویل میں ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ شیخوپورہ نے رشوت کے ایک کیس میں محمد اکرم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے، محمد اکرم پر ایک شہری سے 95 ہزار روپے رشوت لینے کا بھی الزام ہے۔

یاد رہے کہ 14 اگست سے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم لاپتا تھے، جن کے بار میں رپورٹس تھیں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے لیے مبینہ سہولت کاری اور اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام میں انہیں حراست میں لے لیا ہے۔

بعد ازاں، محمد اکرم کی اہلیہ میمونہ ریاض نے لاہور ہائی کورٹ کے پنڈی بینچ میں اپنے شوہر کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

راولپنڈی کے سٹی پولیس افسر نے عدالت کو بتایا تھا کہ پولیس محمد اکرم کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

اس سے قبل حکومت پنجاب نے مبینہ طور پر جیل میں ایک قیدی کے قتل میں ملوث ہونے پر سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اڈیالہ کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

محکمہ داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ محمد اکرم اور تین دیگر اہلکاروں کو قیدی محمد احسان کی موت میں غفلت کا مرتکب پائے جانے کے بعد برطرف کر دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ انکوائری میں ڈی ایس پی محمد اکرم سمیت 7 ملازمین کو قصور وار پایا گیا ہے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 11 اکتوبر 2024
کارٹون : 10 اکتوبر 2024