ٹیکس کیلئے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، وفاقی وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نان فائلر کی اصطلاح ختم کررہے ہیں، ٹیکس کے لیے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نان فائلر سے متعلق ہمیں قانونی کور کی ضرورت ہے، امریکا میں اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں مثبت رہیں، اسٹیک ہولڈرز نے پاکستان میں مہنگائی میں کمی کو سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں گرانٹ دے گا، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
’ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز قرض دے گا‘،
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز قرض دے گا جو ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے تحفط کے منصوبے پر خرچ کی جائے گی۔
وزیرِخزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کا بورڈ 29 اکتوبر کو نئے قرض کی منظوری پر غور کرے گا، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے پالیسی بیسڈ لون کی منظوری کے لیے اے ڈی بی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کی جلد تکمیل کی امید ظاہر کی، ملاقات کے دوران فریقین نے ملکی محصولات میں اضافے اور علاقائی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
’ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے پاکستان کے لیے تعاون کو سراہتے ہیں‘،
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون سے ملاقات کے دوران بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے تعاون خاص طور پر 2022 کی سیلاب تباہ کاریوں کے بعد مشکلات حالات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ساتھ پانڈا بانڈ کے اجرا کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کو این فائیو (جی ٹی روڈ) کی تعمیر نو کے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور آفات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کے لیے قرض فراہم کرنے کی درخواست کی۔
انہوں نے نائب صدر (آپریشنز) کے طے شدہ دورے کا بھی خیرمقدم کیا جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ جاری منصوبوں کے پورٹ فولیو کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر کو پاکستان آنے کی بھی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا تاہم دورے کی تاریخوں کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
’پاک امریکا اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر بیرون ملک پاکستانی تعریف کے مستحق ہیں‘،
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، کاروباری اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے پر بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کی گراں قدر خدمات کو سراہا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ محمد اورنگزیب نے بیرون ملک مقیم رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے دوران انہیں پاکستان میں ہونے والی سماجی اقتصادی پیشرفت سے اگاہ کرنے کے علاوہ واشنگٹن میں ایک ہفتے میں ہونے والے ملاقاتوں کی تفصیلات فراہم کی۔
محمد اورنگزیب نے پاکستانی اور امریکی ٹیک انٹرپرینیورز کے ساتھ ملاقات میں آئی ٹی کو پاکستان کے سب سے ابھرتے ہوئے شعبے کے طور پر اجاگر کیا اور بتایا کہ پاکستان فری لانسنگ کے لحاظ سے دنیا کے 5 بڑے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی برآمدات میں آئی ٹی کے شعبے نمایاں کردار کو اجاگر کیا اور بتایا کہ ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو قانون سازی، پالیسی، ریگولیٹری اور آپریشنل اقدامات کی ایک وسیع رینج کے ذریعے فعال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے دوران مختلف عہدیداروں سے ملاقات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ اصلاحات پر عمل کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔