• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

’کبھی کبھار بریک کی ضرورت ہوتی ہے‘، شان مسعود بابر اعظم کے کم بیک کے لیے پرامید

شائع November 2, 2024
— فائل فوٹو: ایکس/ پی سی بی
— فائل فوٹو: ایکس/ پی سی بی

پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں بریک انہیں نقصان کے بجائے فائدہ پہنچائے گی، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے بہترین بلے باز بن سکتے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسٹمپڈ ریڈیو پروگرام کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ میرا خیال ہے کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں، ان میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کے بہترین بلے باز بننے کی صلاحیت موجود ہے، وہ ہمیشہ رینکنگ میں ٹاپ پر رہتے ہیں، کبھی کبھار لوگوں کو بریک کی ضرورت ہوتی ہے۔’

شان مسعود نے کہا کہ وہ بابر اعظم کو ایک مضبوط کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس بریک سے ان کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا اور وہ ایک مضبوط کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں واپس آئیں گے، کبھی کبھار آرام کرنے میں کوئی حرج نہیں، انہوں نے بہت کرکٹ کھیلی ہے اور وہ بہت سارے مراحل سے گزرے ہیں اور وہ ہمیشہ پاکستان کے لیے ایک اہم بیٹر رہیں گے۔

شان مسعود نے کہا کہ ان کا نئے سلیکٹرز کے ساتھ اچھا تعلق ہے اور انفرادی کریڈٹ کے بجائے ٹیم پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لوگ کامیابی کا سہرا بہت جلدی کسی فرد کو دے دیتے ہیں اور کسی ایک شخص کو ہیرو بنا دیتے ہیں، میرے خیال میں کسی بھی شخص کو اس مقام تک پہنچانے میں اجتماعی کوشش شامل ہوتی ہے، میں چاہوں گا کہ کریڈٹ سب کو دیا جائے کیونکہ اس کے پیچھے ایک مشترکہ حکمت عملی شامل ہوتی ہے۔

شان مسعود نے بتایا کہ جب ہم سب پہلی میٹنگ میں بیٹھے تھے تو ہم سب ایک ہی پیچ پر تھے، ہم نے یہی سوچا تھا کہ ہم نے 20 وکٹیں لینی ہیں تو وہ کیسے لیں؟

انہوں نے کہا کہ میں اپنی کپتانی میں اب تک تین مختلف سیٹ اپس کے ساتھ کام کرچکا ہوں، آسٹریلیا میں میری پہلی سیریز مختلف تھی، بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز اس سے قدرے الگ تھی اور اب ہمارے پاس سلیکشن اور لیڈرشپ میں کردار ادا کرنے والے کچھ لوگوں کو گروپ موجود ہے، اب تک ان تمام لوگوں کے ساتھ میرا مکمل اتفاق رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آخر میں بات پاکستان کرکٹ کی ہے اور ہم بہت خوش نصیب ہیں کہ پوری ٹیم اکھٹی نظر آرہی ہے۔’

رمیز راجہ کے ساتھ ہونے والے پوسٹ میچ انٹرویو کے حوالے شان مسعود نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میری طرف سے کوئی ناراضگی نہیں، میں میڈیا کے سامنے ہمیشہ کھلی کتاب کی طرح رہتا ہوں اور خود کو بہتر طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔‘

شان مسعود کا مزید کہنا تھا کہ ’لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جیسے چاہیں سوالات کریں، میں چاہتا ہوں کہ میرا کردار ویسا ہی نظر آئے جیسا میں ہوں، میں تنقید برائے اصلاح کو مثبت طریقے سے لیتا ہوں اور غیر ضروری باتوں کو نظر انداز کرنے میں بھی اچھا ہوں۔‘

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025