• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

کوئٹہ خودکش دھماکا: حکومت بلوچستان کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

شائع November 10, 2024 اپ ڈیٹ November 11, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر صوبائی حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سانحہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر صوبے میں 11 سے 13 نومبر تک سوگ منایا جائے گا۔

حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تین روزہ سوگ پر صوبے میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

قبل ازیں، کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے اجلاس میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا دائرہ کار بڑھانے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بلوچستان کو ضروری وسائل فراہم کرنے، پولیس،کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) و دیگر فورسز کی تربیت اور استعداد بڑھانے میں مکمل تعاون پر اتفاق کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 27 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، پولیس نے بتایا تھا کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔

دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے، ریلوے حکام نے کہا تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔

کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کے خودکش ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

حمزہ شفقات نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 24 افراد جاں بحق ہوئے، دھماکے کے 17 زخمی سول ہسپتال کوئٹہ جبکہ 19 سی ایم ایچ میں زیر علاج ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024