سونے کی قیمتوں میں مسلسل چھٹے روز اضافہ، مزید 2200 روپے مہنگا ہوگیا
سونے کی قیمتوں میں مسلسل چھٹے روز اضافے کا رجحان دیکھا گیا، آج بھی فی تولہ سونا 2 ہزار 200 روپے مہنگا ہو گیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے آل سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 2200 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 82 ہزار 700 تک پہنچ گئی۔
مزید بتایا کہ اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا بھی ایک ہزار 857 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 42 ہزار 370 روپے میں فروخت ہوا۔
اسی طرح 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2 لاکھ 20 ہزار 443 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 22 ہزار 172 روپے تک جاپہنچی۔
تاہم، چاندی کی فی تولہ اور 10 گرام قیمت 3 ہزار 450 اور 2 ہزار 957 روپے پر برقرار رہی۔
ایسوسی ایشن نے رپورٹ کیا کہ عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 22 ڈالر اضافے سے 2 ہزار 715 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز (22 نومبر) بھی سونے کی قیمتوں میں 2 ہزار 500 روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا، جس کے بعد 24 قیراط سونے کے فی تولہ نرخ 2 لاکھ 80 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئے تھے۔
18 نومبر بروز پیر فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 500 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 69 ہزار 900 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
آج 23 نومبر بروز ہفتہ سونے کی قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 82 ہزار 700 تک پہنچ گئی، اس طرح رواں ہفتے 24 قیراط سونے کے فی تولہ نرخوں میں 12 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔