تحریک انصاف نے اہم ثبوت مٹانے کیلئے کنٹینر کو خود آگ لگائی، عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ یہ فائنل کال نہیں مس کال تھی، مظاہرین چپلیں، کپڑے اور گاڑیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں، تحریک انصاف نے اہم ثبوت مٹانے کیلئے کنٹینر کو خود آگ لگائی۔
رات گئے ڈی چوک اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہاکہ رینجرز کو شاباش دیتا ہوں جس نے دن بھر لڑنے والے بشریٰ بی بی اور علی امین کو ایک بیٹھنے پر مجبور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صدر بیلاروس کا دورہ ناکام بنانا چاہتے تھے، ان کے سارے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارلیمنٹ پر حملے اور اہم حکومتی شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے شواہد مٹانے کے لیے کنٹینر خود کو آگ لگائی۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے کنٹینر میں لگنے والی آگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ثبوت مٹانے کے لیے کنٹینر کو خود آگ لگائی،ان کے سارے منصوبے خاک میں مل گئے ہیں، کنیٹر کے نیچے سے جلے ہوئے کاغذات ملے ہیں جن کا فرانزک کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین پارلیمنٹ ہاؤس پر قبضہ کرنا چاہتے تھے، پی ٹی آئی والے اہم شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے اور فرار ہونے سے قبل تمام ثبوت خود جلا کر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین چپلیں، کپڑے اور گاڑیاں چھوڑ کر بھاگے ہیں، بھاگنے والوں کی گاڑیاں آپس میں ہی ٹکرا گئیں،علی امین گنڈاپور دوسری بار بھاگے ہیں،فرار ہونے والوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہیے۔