• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

بیلاروس کے صدر 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کر کے وطن روانہ

شائع November 27, 2024
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان کا 3 روزہ دورہ مکمل کر کے اپنے وطن روانہ ہوگئے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کو الوداع کیا، دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ بیلا روس کے صدر کے ہمراہ ملک کی اہم کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان آیا تھا جس کی پاکستانی کاروباری شخصیات کے ساتھ کامیاب اور نتیجہ خیز ملاقاتیں ہوئیں۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو ان کے 3 روزہ دورے کا فوٹو البم بھی پیش کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وطن واپسی روانگی سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے ان سے مری میں ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، بیلاروس کے صدر نے نواز شریف سے مکالمے میں ماضی کی خوش گوار یادوں پر تبادلہ خیال کیا، سابق وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ظہرانے میں شریک ہوئے۔

بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مئی 2015 میں چھانگلہ گلی مری آیا تھا، آپ بھی اگست 2015 میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سے ہمیشہ بھائیوں والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے، وزیراعظم شہباز شریف بڑے جذبے، رفتار سے پاکستان کی ترقی کے لیےکام کررہے ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارت،سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے، ایسے منصوبوں پر کام ہوسکتا ہے جس سے دونوں ممالک،عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔

واضح رہے کہ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے 3 روزہ سرکاری دورے میں پاکستان اور بیلا روس کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنانسنگ سمیت دیگر جرائم کو روکنے اور پاکستان نیشنل ایگریڈیشن قونصل اور بیلاروس کے ایگریڈیشن سینٹر کے درمیان یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدہ، ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی تعاون کے سمجھوتوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024