زمبابوے کیخلاف دوسرا ٹی20: پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا گیا
زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق بلاوائیو میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹی 20 مقامی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے 4 میچ کل کھیلا جائےگا، جس کے لیے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سلمان علی آغا (کپتان)، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان (وکٹ کیپر)، طیب طاہر، محمد عرفان خان، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، صفیان مقیم
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی تھی، جبکہ میزبان ٹیم 165 رنز ہدف کے تعاقب میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کے خلاف پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 165 رنز بنائے تھے۔
166 رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوین ٹیم 16ویں اوور میں 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور اس طرح سے پاکستان نے یہ میچ 57 رنز سے اپنے نام کرلیا تھا۔
نوجوان سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 3، 3 شکار کیے تھے، جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
اس سے قبل 28 نومبر کو پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی۔
دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 10 وکٹ سے شکست دی تھی۔
قبل ازیں بلاوایو میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 206 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش سے متاثرہ میچ میں قومی ٹیم 21 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 60 رنز ہی بناسکی تھی۔
بعد ازاں، زمبابوے نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم (ڈی ایل ایس) کے تحت 80 رنز سے شکست دی تھی۔