’مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف‘، سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے چیف منسٹر (سی ایم) پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا جس کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف دینا بتایا گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کی لانچنگ تقریب سے خطاب میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف ہے۔
سیکریٹری انرجی پنجاب نے بتایا کہ اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولرسسٹم لگائے جائیں گے، صوبے میں ماہانہ 200 یونٹ تک صرف کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسکیم کے تحت 100 یونٹ ماہانہ صرف کرنے والے 52 ہزار 19 صارفین کو 500 پچاس واٹ کا مفت سولر سسٹم دیاجائے گا، ان کے علاوہ 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 11سو واٹ کا سولر سسٹم مفت دیاجائےگا۔
پنجاب کے صارفین فری سولر پینل اسکیم کے لئے 8500 پر ایس ایم ایس بھیج کر بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں، اس کے علاوہ شہری آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی اسکیم کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جولائی میں عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل دینے کا اعلان کیا تھا۔