پنوعاقل: چور 200تولے سونا، ایک کلو چاندی، لاکھوں کی نقدی، پرائز بانڈز سے بھری تجوری لے اڑے
سندھ کے ضلع پنوعاقل کی تاریخ میں چوری کی بڑی واردات جہاں چور شاہی بازار میں صراف کی دکان سے 200 تولے سونا اور ایک کلوچاندی تجوری سے بھری تجوری لے اڑے۔
دان نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوری کی واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) پنوعاقل اور اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) پنوعاقل موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے واردات کے حوالے سے تفصیلات حاصل کیں اور معاملے کی تفتیش کا آغاز کردیا۔
رپورٹ کے مطابق پنوعاقل کے شاہی بازار میں صراف کی دکان سے چوری ہونے والی تجوری میں 200 تولے سونا، ایک کلوچاندی، لاکھوں روپے نقدی اور پرائز بانڈ موجود تھے۔
متاثرہ صراف احسان ملک کے مطابق رات دکان بند کر کے گیا تھا تو تجوری موجود تھی، آج دکان کھولی تو سونے چاندی سے بھری تجوری غائب تھی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ وقوعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔