• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

آسٹریلیا کی مدارس کے طلبہ کو تکنیکی تعلیم دینے میں معاونت کی پیشکش

شائع December 21, 2024
وفاقی وزیر نے دینی مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی — فوٹو: اے پی پی
وفاقی وزیر نے دینی مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی — فوٹو: اے پی پی

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ ان کا ملک مدارس کے طلبہ کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے میں پاکستان کی معاونت کے لیے تیار ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیل ہاکنز نے وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران اس تعاون کی پیشکش کی جنہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کے ماتحت 18 ہزار سے زائد مدارس رجسٹرڈ ہیں اور ان کے طلبہ کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ معاشرے میں محبت، مساوات، رواداری اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نفرت اور عدم برداشت دو بنیادی عوامل ہیں جو تشدد اور انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں۔

انہوں نے آسٹریلیا میں ہنر مند پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ نیل ہاکنز نے حالیہ یونان کشتہ حادثے میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے دنیا بھر میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے، امن کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

چوہدری سالک نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو آئین کے ذریعے تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ملاقات میں اس بات پر غور کیا گیا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کو دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن و رواداری کے فروغ کے لیے بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے مل کر کام کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے دینی مدارس میں اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے اور روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے افراد کو جدید مہارتیں فراہم کرنے کے لیے ایک منصوبہ شروع کیا ہے۔

ملاقات کا اختتام دونوں ممالک کے درمیان انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کے ساتھ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024