• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سیکیورٹی فورسز نے راجگال میں فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام بنادی، 4 خارجی ہلاک

شائع December 21, 2024
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
— فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک۔افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی، فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کا بہادر سپوت بھی جام شہادت نوش کر گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک۔افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان، افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضہ کرتا چلا آیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کےخلاف دہشت گردی کے لیے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

یاد رہے 3 روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

اس سے قبل 13 دسمبر کو آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 5 روز کے دوران کیے گئے آپریشن کے دوران 43 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لکی مروت میں کارروائی کی تھی، فورسز کی جانب سے مؤثر آپریشن کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اسی طرح 9 سے 13 دسمبر تک صوبہ خیبرپختونخوا میں 18 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں 13 دسمبر کو موسیٰ خیل اور پنجگور اضلاع میں دو الگ الگ خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 9 سے 13 دسمبر تک بلوچستان میں 25 دہشت گرد مارے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024