• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان گرفتار

شائع December 22, 2024
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا تھا کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا ہے اور یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

گرفتار ملزمان میں محمد اسلم ،سعید احمد شامل ہیں جب کہ ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے اور ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے۔

ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا تھا کہ ملزم نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے جب کہ ملزم نے گینگ کے دیگر ملزمان کی مدد سے متاثرین کو پہلے لیبیا بھجوایا تھا۔

دوسری جانب، ایف آئی اے نے ایک اور کارروائی میں گجرات سے انسانی اسمگلر کو گرفتار کیا، ملزم جعلی سفری دستاویزات بنوانے میں ملوث ہے جب کہ ملزم جعلی دستاویزات کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کرتا رہا ہے۔

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کی ٹیم نے گارڈن ٹاؤن پاسپورٹ آفس پر چھاپہ مارا جہاں 4 ایجنٹ اور پاسپورٹ آفس کے گارڈ کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ملزمان ندیم ،ابراہیم، عابد، اشفاق اور پرویز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں سے پاسپورٹس بنوانے کی مد میں پیسے بٹور رہے تھے، ملزم ندیم سے ٹوکن، بنک چالان ، رسیدیں ودیگر شواہد برآمد کرلئے ہیں۔

خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک اور کئی لاپتا ہوگئے تھے۔

دفتر خارجہ نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی جب کہ 5 پاکستانیوں کی موت کی تصدیق ہوگئی تھی اور متعدد پاکستانیوں کی لاشیں نہیں مل سکیں۔

بعد ازاں، وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024