• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، رواں سال کیسز کی تعداد 65 ہوگئی

شائع December 24, 2024
رواں سال بلوچستان میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے — فائل فوٹو
رواں سال بلوچستان میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے — فائل فوٹو

پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 65 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو سےمتاثر ہوا ہے۔

نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال بلوچستان میں پولیو سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 19 دسمبر کو پاکستان میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ افراد کی تعداد 64 ہوگئی تھی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں پولیو کے خاتمے کے لیے قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ 19 دسمبر کو جیکب آباد سے ایک نیا کیس رپورٹ ہوا۔

اس سے قبل 13 دسمبر کو بھی سندھ کے ضلع جیکب آباد اور سکھر سے ایک، ایک کیس کی تصدیق ہوئی تھی، رواں برس سکھر سے رپورٹ ہونے والا یہ پہلا کیس تھا، تاہم جیکب آباد میں اب تک 4 بچے اس مرض سے متاثر ہو چکے ہیں۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق رواں برس رپورٹ ہونے والے کیسز میں سب سے زیادہ 27 کا تعلق بلوچستان سے ہے جب کہ خیبرپختونخوا سے 18، سندھ سے 17 اور پنجاب، اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا۔

ریجنل ریفرنس لیبارٹری حکام نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کو یقینی بنائیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ رواں برس رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز میں 60 فیصد بچوں کو روٹین امیونائزیشن کی کوئی ویکسین نہیں لگی، جس کی وجہ سے بچوں میں مرض کی شدت دیکھنے میں آئی۔

گزشتہ روز قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں قائم پولیو کے خاتمے کے لیے ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے پہلے سے متاثرہ 10 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ ون (ڈبلیو پی وی 1) کی نشاندہی کی تصدیق کی تھی۔

لیبارٹری حکام کا کہنا تھا کہ گوادر، سبی، خضدار، ڈکی، حب، لسبیلہ، نوشکی، بنوں، ڈی آئی خان اور لاہور سے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں ڈبلیو پی وی ون کی نشاندہی ہوئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ جب کسی ضلع کے سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس پایا جاتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ ماحولیاتی نمونہ مثبت پایا گیا ہے اور ضلع کو متاثرہ ضلع قرار دیا جاتا ہے اور جب کوئی بچہ انفیکشن کا شکار ہوتا ہے تو اسے مثبت پولیو کیس قرار دیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024