پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ایوی ایشن ایریا میں آوارہ کتوں سے پریشان
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ( پی اے اے) ہوائی اڈوں کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں آوارہ کتوں کی بہتات سے پریشان ہوگئی، ڈائریکٹر جنرل نے معاملے کے سدباب کے اجلاس بلایا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے جنرل ایوی ایشن ایریا میں آوارہ کتوں کے معاملے پر اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹس صادق الرحمان، اے پی ایس، ایچ آر اور ایس کیو ایم ایس کے ڈائریکٹرز کے علاوہ دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ ہوائی اڈے کے قائم مقام منیجر اور ایئر سائیڈ کے منیجر بھی موجود تھے۔
پی اے اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں جنرل ایوی ایشن ایریا میں دیکھے جانے والے آوارہ کتوں کا معاملہ اٹھایا گیا۔
شرکا کو ایئر سائیڈ منیجر کی جانب سے حکام کی جانب سے نافذ کردہ جنگلی حیات اور نباتات پر قابو پانے کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
پی اے اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کو بتایا گیا کہ فضائی حدود پر مکمل باڑ لگائی گئی ہے اور پرندوں اور وائلڈ لائف کنٹرول ٹیموں کی جانب سے 24 گھنٹے نگرانی کی جارہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آپریشنل سیفٹی کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانے کے لیے طیاروں کی ہر لینڈنگ اور ٹیک آف سے قبل جامع سیفٹی انسپکشن کی جاتی ہے، ہوائی راستے پر آوارہ کتوں یا جنگلی حیات کی موجودگی کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایئر سائیڈ سیفٹی اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا جائزہ لیں۔
ڈی جی نے جنرل ایوی ایشن کے علاقے کا بھی دورہ کیا جو ایئرپورٹ کے مرکزی احاطے سے متصل لیکن علیحدہ ہے، اپنے نیم کھلے مقام کی وجہ سے یہ علاقہ آوارہ جانوروں کی دراندازی کے خطرے سے دوچار ہے۔
واضح رہے کہ ڈان نیوز نے گزشتہ روز رپورٹ کیا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں آوارہ کتوں کی بہتات ہوگئی ہے، کتوں کا آزادانہ گشت فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن گیا ہے، جنرل ایوی ایشن میں تربیتی طیاروں کی آمد و رفت تسلسل سے جاری رہتی ہے، دو روز قبل بھی ایک جہاز کو کتے کی موجودگی کے باعث لینڈنگ میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔