کراچی میں نادرا کے 2 میگا سینٹرز میں 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت مہیا کردی گئی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے احکامات کے بعد کراچی میں نادرا کے میگا سینٹرز میں ہفتے بھر 24گھنٹے کے لیے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت مہیا کردی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ پاسپورٹس نے وزیر داخلہ کے احکام پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے اور کراچی کے ناظم آباد اور سیمنز چورنگی سائٹ میں 10 پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، نادرا میگا سینٹرز میں بنائے گئے یہ کاؤنٹرز شہریوں کو 24 گھنٹے سہولت فراہم کریں گے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے بتایا کہ 24/7 پاسپورٹس پراسسنگ کاؤنٹرز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جا رہا ہے اور اسلام آباد میں قائم دفتر پہلے ہی 24/7 کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں عوامی مرکز اور لاہور میں گارڈن ٹاؤن کے دفاتر بھی 24 گھنٹے کھلے ہیں، جس سے عوام کو کسی بھی وقت پاسپورٹ کے پراسیس کی سہولت حاصل ہوگی۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کا مسئلہ اب مکمل طور پر حل کر لیا گیا ہے اور شہریوں کے لیے آسان پراسس اور بروقت اجرا کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اب شہری کسی بھی وقت پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے نادرا میگا سینٹرز کا رخ کر سکتے ہیں، جس سے ان کی مشکلات میں کمی آئے گی اور سفری سہولتیں مزید بہتر ہوں گی۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ ماہ خوشخبری سنائی تھی کہ ایک ہفتے میں ملک کے 14 سے 16 شہروں میں 24 گھنٹے کھلنے والے نادرا کے دفاتر میں پاسپورٹ کاؤنٹر قائم کردیے جائیں گے، جہاں شہریوں کو 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت میسر ہوگی۔
محسن نقوی نے کہا تھا کہ اسلام آباد پاسپورٹ آفس کو فوری طور پر 24 گھنٹے کی سہولت شروع کی جارہی ہے، لاہور اور دیگر جگہوں پر ماڈل آفسز بنانے کی ضرورت ہے جبکہ کراچی میں ماڈل آفس کے لیے جگہ پر بات چیت جاری ہے۔