لکی مروت: دہشت گردوں کا بینک کیش وین پر راکٹ لانچر سے حملہ، سیکیورٹی گارڈ جاں بحق، 2 زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نجی بینک کا کیش لے جانے والی وین پر دہشت گردوں نےراکٹ لانچروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سیکورٹی گارڈ جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق حملہ لکی مروت کے علاقے منجی والا کے قریب کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ نامعلوم دہشت گردوں نے وین پر راکٹ لانچروں سے حملہ کیا، حملے میں وین کے ساتھ موجود ایک نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں کو لکی سٹی ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں۔
قبل ازیں اسی ضلع کے علاقے خیروخیل پکہ کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شہید اہلکاروں میں حکمت اللہ اور خان بہادر شامل ہیں، دونوں اہلکار ڈاک ڈیوٹی پر تعینات تھے اور موٹرسائیکل پر ڈاک لینے تھانے جا رہے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شہید حکمت اللہ تھانہ پیزو اور شہید خان بہادر تھانہ شہباز خیل میں تعینات تھے، واردات کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔