جاپان میں 6.8 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ جاری
جاپان کا جنوب مغربی علاقہ کیوشو 6.8 شدت کے زلزلے سے لرز اٹھا، جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جنوب مغربی جاپان میں 6.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس سے علاقے میں دو چھوٹے پیمانے کے سونامی آئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلہ رات 21:19 بجےکے قریب کیوشو خطے میں میازاکی پریفیکچر کے ساحل سے 18 کلومیٹر دور 36 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
جاپان کی محکمہ موسمیات (جے ایم اے) نے ایک میٹر (تین فٹ) تک سونامی کی ممکنہ لہروں سے خبردار کیا اور عوام کو ساحل سے دور رہنے کی اپیل کر دی۔
جے ایم اے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ متعدد بار سونامی آسکتا ہے، لہٰذا ساحلی علاقوں اور سمندر سے دور رہیں۔
جاپانی محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ خطے میں 2 بندرگاہوں پر تقریباً 20 سینٹی میٹر کے دو چھوٹے سونامیوں کا پتا چلا۔
مقامی میڈیا کے مطابق فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، سرکاری ٹی وی ’این ایچ کے‘ پر براہ راست نشریات میں سمندر کو معمول کے مطابق دیکھا گیا اور کسی قسم کے نقصانات نہیں دیکھے گئے، جبکہ جہاز اور ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔