سیف علی خان کی سرجری کردی گئی، حالت خطرے سے باہر
گھر میں مبینہ ڈکیتی کی واردات کے دوران چاقو کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے بولی وڈ اداکار سیف علی خان کی سرجری کردی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ نے سیف علی خان کی ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹروں نے اداکار کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔
اداکار کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ سیف علی خان کی سرجری کردی گئی، ڈاکٹرز کی ٹیم ان کی کڑی نگرانی رکھے ہوئے ہے، تاہم اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ٹیم نے دعاؤں پر مداحوں سمیت شوبز شخصیات کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اداکار کی صحت سے متعلق وقتا بوقتا مداحوں کو آگاہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل اداکار کی ٹیم نے سیف علی خان کے حملے میں شدید زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے سے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از قت ہے، پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے، حملے کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کرنا پولیس کا فرض ہے۔
بھارتی میڈیا نے خبر دی تھی کہ سیف علی خان 16 جنوری کو رات دیر گئے تقریبا ڈھائی بجے گھر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر زخمی ہوئے تھے، حملہ آور نے اداکار پر چاقو سے حملہ کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق سیف علی خان پر چاقو کے 6 وار کیے گئے، جس میں سے دو وار شدید تھے اور دو وار ریڑھ کی ہڈی کے قریب کیے گئے تھے، جس وجہ سے اداکار کی سرجری کی گئی۔
ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے چند گھنٹوں تک سیف علی خان کی سرجری کی اور اب اداکار کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
سیف علی خان پر حملے کی خبر بھارت اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیل گئی اور دنیا بھر میں اداکار کے لاکھوں مداح پریشان دکھائی دیے۔