لاہور میں درندہ صفت ملزمان نے 70 سالہ خاتون کو ریلوے پھاٹک پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا
لاہور میں درندہ صفت ملزمان نے 70 سالہ خاتون کو ریلوے پھاٹک پر زیاتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں تھانہ مصطفیٰ آباد کی حدود میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، متاثرہ خاتون کے بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیٹے نے تھانہ مصطفیٰ آباد میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق سیکیورٹی گارڈ کی وردی میں ملبوس 2 ملزمان نے 70 سالہ خاتون کو رکشے سے اتارا اور انہیں ریلوے پھاٹک تک لے گئے، جہاں انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان خاتون سے رقم بھی لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام نے اندراج مقدمہ کے بعد ضابطے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 12 جنوری کو بھی لاہور کے علاقے چوہنگ میں 25 سالہ خاتون کو ریپ کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ مقتولہ کی شناخت 25 سالہ ثانیہ کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کی شناخت افضل مسیح کے نام سے ہوئی، ملزم نے خاتون سے زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کر لیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ روز کراچی کے علاقے منگھو پیر میں 14 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ کیا گیا تھا۔
رمضان گوٹھ کی رہائشی 14 سالہ لڑکی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
ترجمان سینٹر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ضلع غربی نے بتایا تھا کہ متاثرہ بچی کی والدہ کی جانب سے واقع کی اطلاع پولیس کو دی گئی تھی۔
ترجمان کے مطابق پولیس افسر قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال میں موجود تھے۔