اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی، عمرہ ویزے کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت کے ہوائی اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ کم عمر بچے سمیت 5 مسافر آف لوڈ کر دیے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے راولپنڈی اور لاہور ایئرپورٹس سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان بھی گرفتار کر لیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے سعودی عرب سے لیبیا اور بعد میں اٹلی جانے کا منصوبہ بنایا تھا، ملزمان نے واجد اور فیصل نامی ایجنٹس سے معاہدے کیے تھے، ملزمان نے ایجنٹوں کو فی کس 39 لاکھ روپے ادا کیے، تلاشی کے دوران ملزمان سے 2 مصری ویزے برآمد ہوگئے۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہو اکہ ملزمان کو باقی ویزے سعودی عرب میں سب ایجنٹس کے ذریعے ملنے تھے، ملزمان کو ایجنٹوں کی نشاندہی، مزید تفتیش کے لیے انسانی اسمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے اسلام آباد زون نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان کو راولپنڈی اور لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے خود کو سعودی کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کیا، ملزم سکندر زیب نے خود کو سعودی کمپنی کا اہلکار بتایا، ملزم سکندر زیب نے کروڑوں روپے کا ویزا فراڈ کر رکھا ہے۔
ملزمان نے سعودی عرب کا ورک ویزا فراہم کرنے کا جھانسہ دیا تھا، اشتہاری اولیا خان 2015 سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کو مطلوب تھا، جب کہ ملزم مظہر اقبال نے 2019 میں جعلی پاسپورٹ پر مراکش جانے کی کوشش کی تھی۔